Time 27 اکتوبر ، 2019
پاکستان

آزادی مارچ کے حوالے سے انتظامیہ سے معاہدہ برقرار ہے: فضل الرحمان

جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی-ف)  کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ آزادی مارچ کے حوالے سے انتظامیہ سے معاہدہ برقرار ہے۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ آزادی مارچ کیلئے اسلام آباد انتظامیہ سے ہوئے معاہدے پر قائم ہیں اور انتظامیہ سے معاہدے کے تحت پشاور موڑ اسلام آباد پر ہی جلسہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ معاہدہ ختم ہونے کی افواہوں پر یقین نہ کیا جائے، معاہدہ توڑنے کا ہمارا کوئی موڈ نہیں ہے کیوں کہ معاہدہ حکومت سے ہوا ہی نہیں بلکہ اسلام آباد انتظامیہ کے ساتھ ہے جو برقرار ہے۔

سربراہ جے یو آئی کا کہنا تھا کہ حکومت انتقامی کارروائیاں کرنا چاہتی ہے تو یہ ان کی جانب سے یک طرفہ معاملہ ہوگا لیکن ہم پرامن لوگ ہیں، آئین اور قانون کے تحت اپنا جمہوری حق استعمال کریں گے۔

مولانا عطا الرحمان کا متنازع دعویٰ


قبل ازیں جیو نیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان‘  میں گفتگو کرتے ہوئے جے یو آئی کے رہنما و مولانا فضل الرحمان کے بھائی مولانا عطا الرحمان کا کہنا تھا کہ ’معاہدے کے ساتھ جڑے لوگوں نے وعدہ کیا تھا کہ نہ قافلوں کو روکا جائے گا اور نہ ہی گرفتاریاں ہوں گی‘۔

انہوں نے کہا کہ ’اس معاہدے کے فوراً بعد حکومت نے ہمارے ایک ساتھی مفتی کفایت اللہ کو گرفتارکیا اور حافظ حمداللہ کی پاکستانی شہریت کو ختم کیا گیا، اس پر  آج کراچی سے نکلتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے اعلان کیا کہ حکومت سے معاہدہ ختم سمجھے جائیں‘۔

ان کا کہنا ہے کہ ’ہمارا معاہدہ انتظامیہ کے ساتھ ہوا ہے، حکومت نے اگر اس معاہدے کے بعد خلاف ورزی کی، پھر ایسی صورتحال میں اُس معاہدے کو ختم کرنے کا اعلان کیا ہے‘۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ حکومت ہم سے این آر او لینے آئی ہم نے انکارکیا۔

مولانا عطاالرحمان کا کہنا تھا کہ حکومت نے خواہش ظاہرکی تھی کہ ڈی چوک پر نہ آئیں، حکومت نے پشاور موڑپرآنے کی پیش کش کی تھی اور کہا کہ پشاور موڑ آنے کے بعد تمام راستے کھول دیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جب مارچ اسلام آباد میں داخل ہوگا تو حکومت نہیں رہے گی۔

مولانا عطا الرحمان کے بیان کے کچھ ہی دیر بعد مولانا فضل الرحمان نے حکومت سے معاہدہ ختم کرنے کی تردید کی۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز حکومت اور اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کے درمیان معاملات طے پائے تھے جس کے بعد جمعیت علمائے اسلام (ف) اور انتظامیہ کے درمیان معاہدہ ہوا تھا۔ 

معاہدے کے مطابق جمعیت علمائے اسلام (ف) ایچ 9 کے اتوار بازار کے قریب گراؤنڈ میں جلسہ کرے گی اور حکومت کوئی رکاوٹ نہیں کھڑی کرے گی۔

یاد رہے کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں آزادی مارچ کا آغاز کراچی سے ہوگیا ہے جبکہ ملک بھر سے بھی قافلے اسلام آباد کی جانب گامزن ہیں۔

مزید خبریں :