کھیل
Time 29 اکتوبر ، 2019

پاکستانی جوڈوکا شاہ حسین شاہ ٹوکیو اولمپکس میں جگہ بنانے کے قریب


پاکستانی جوڈوکا شاہ حسین شاہ نے ٹوکیو اولمپکس کیلئے براعظمی کوٹے میں جگہ بنالی ہے جس کے بعد ان کی2020ء میں ہونیوالے کھیلوں کے سب سے بڑے ایونٹ اولمپکس کیلئے رسائی کی امیدیں مضبوط ہوگئی ہیں۔

پاکستانی جوڈوکا شاہ حسین شاہ نے حال ہی میں ابوظہبی گرینڈ سلیم میں پانچویں پوزیشن حاصل کی تھی ۔ اس شاندار کارکردگی کے بعد انہیں اولمپکس 2020ء میں رسائی کے کیلئے 360 پوائنٹس ملے جس کے بعد 2 سالہ اولمپکس کوالیفائنگ سائیکل میں ان کےمجموعی پوائنٹس کی تعداد 746 ہوگئی ہے۔

پوائنٹس میں بہتری سے شاہ حسین شاہ کی رینکنگ 20 درجہ بہتر ہوکر 42 ہوگئی ہے ، جس کے بعد وہ اولمپکس تک رسائی کیلئے کانٹی نینٹل کوٹہ کی فہرست میں آگئے ہیں۔ 

 رینکنگ میں اس وقت شاہ حسین  شاہ کی پوزیشن مستحکم ہے اور اولمپکس میں جگہ کنفرم کرنے کیلئے انہیں 25 مئی 2020 تک ٹاپ 57 میں رہنا ضروری ہے۔ 

 پاکستان جوڈو فیڈریشن کے سیکریٹری مسعود احمد نے جیو نیوز کو بتایا کہ شاہ حسین شاہ کی اولمپکس تک رسائی کے امکانات بہت زیادہ ہیں ، اگر حکومت تعاون کرے اور اسٹار جوڈوکا مزید ایونٹس کھیلیں تو کوئی وجہ نہیں کہ شاہ حسین اولمپکس میں نہ ہوں۔

 ایک سوال پر مسعود احمد نے کہا کہ کوشش ہوگی شاہ حسین شاہ اپنی رینکنگ اور بہتر کریں اور کانٹی نینٹل کوٹہ سے بڑھ کر ڈائریکٹ کوالیفیکشن ہی حاصل کرلیں جس کیلئے انہیں ٹاپ 18 میں آنا ضروری ہے۔

 مسعود احمد نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت نے جو عدے کیے تھے انہیں پورا کرنا اب بے حد ضروری ہوگیا ہے۔

 جوڈوکا اسٹار شاہ حسین سابق پاکستانی اولمپئن باکسر حسین شاہ کے بیٹے ہیں،فوٹو:فائل

واضح رہے کہ جوڈوکا اسٹار  شاہ حسین سابق پاکستانی اولمپئن باکسر حسین شاہ کے بیٹے ہیں۔

 فنڈز کی کمی اور حکومتی سرپرستی نہ ہونے کے باعث شاہ حسین شاہ رواں سال کم مقابلوں میں حصہ لے سکے ہیں جس کی وجہ سےانہیں رینکنگ پوائنٹس سے بھی محروم ہونا پڑا ہے۔

رواں ماہ  فنڈز کی کمی کے باعث  برزایل میں ہونے والےاولمپک کوالیفائنگ راؤنڈ میں  ان کی شرکت مشکل نظر آرہی تھی تاہم جیو نیوز کی ویب سائٹ پر خبر شائع ہونے کے بعد  پاکستان جوڈو فیڈریشن کے صدر جنید عالم نے فوری ایکشن لیتے ہوئے شاہ حسین شاہ کو ذاتی خرچ پر برازیل بھیج دیا تھا۔

مزید خبریں :