Time 30 اکتوبر ، 2019
پاکستان

رائے یہ تھی کہ نوازشریف منتیں شروع کردیں گے

مولانا فضل الرحمٰن اور میاں نواز شریف فقط وسیلہ بن رہے ہیں: فائل فوٹو

مولانا فضل الرحمٰن اور میاں نواز شریف فقط وسیلہ بن رہے ہیں، اصل معاملہ ہے مکافاتِ عمل اور تکبر کے انجام کا۔ قومی اور اجتماعی معاملات میں بسا اوقات ربِ کائنات اپنی عدالت اسی دنیا میں ہی لگا دیتا ہے اور لگتا ہے کہ عمران خان کے بارے میں ربِ کائنات کی عدالت لگ گئی۔

وہ ذات سب کچھ برداشت کرتی ہے لیکن غرور اور تکبر نہیں تاہم جو تکبر ہم نے ماضی قریب میں دیکھا، پوری صحافتی زندگی میں نہیں دیکھا تھا۔ یوں لگتا ہے کہ مکافاتِ عمل کا قانون روبہ عمل ہو گیا ہے۔

 اب کی بار نوازشریف کی شخصیت میں جو تبدیلی آئی، وہ ناقابلِ یقین تھی

مولانا فضل الرحمٰن اور میاں نواز شریف فقط وسیلہ بن رہے ہیں۔ اس سے بچ گئے تو اللہ کوئی اور راستہ نکالے گا لیکن مکافاتِ عمل پایۂ تکمیل تک پہنچ کر ہی رہے گا۔ میاں نواز شریف اور مولانا فضل الرحمٰن کے معاملات سے جس طریقے سے نمٹنے کی کوشش کی گئی اگر ان کا جائزہ لیا جائے تو واضح ہو جائے گا کہ مکافاتِ عمل کا قانون کس طرح روبہ عمل ہورہا ہے۔

میاں نواز شریف کے بارے میں ان کے ماضی کی وجہ سے رائے یہ بنی تھی کہ چند دن جیل میں رہنے کے بعد وہ منتیں شروع کردیں گے لیکن اب کی بار ان کی شخصیت میں جو تبدیلی آئی، وہ ناقابلِ یقین تھی۔

ایک روایتی مشرقی فیملی مین کے لئے اپنی اہلیہ اور ایک بیٹی کے لئے اپنی ماں کو لندن میں بسترِ مرگ پر چھوڑ کر گرفتاری دینے کے لئے پاکستان واپس آنے کا فیصلہ کوئی معمولی فیصلہ نہ تھا لیکن میاں نواز شریف اور مریم نواز شریف نے ایسا کرکے سب کو حیران کردیا۔

میاں شہباز شریف کے کہنے پر ان دونوں نے بیگم کلثوم نواز کی رحلت کے بعد چھ سات ماہ تک خاموشی تو اختیار کرلی لیکن پگھل جانے کے بجائے شوہر کے لئے اپنی بیوی اور بیٹی کے لئے اپنی ماں کی اس بے بسی کی حالت میں رخصتی کا معاملہ زندگی بھر کا روگ بن گیا۔

اب کی بار نواز شریف اور مریم مزید بہادری کے ساتھ جیل برداشت کرنے لگے

اس کی وجہ سے باپ اور بیٹی مزید سخت ہو گئے چنانچہ میاں نواز شریف اور مریم نواز شریف کو دوبارہ اندر کردیا گیا لیکن اب کی بار میاں نواز شریف اور مریم نواز مزید بہادری کے ساتھ جیل برداشت کرنے لگے تاہم ان کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان بار بار ان کی صحت سے متعلق تشویش کا اظہار کرتے رہے۔

اُن کا معائنہ کرنے والے سرکاری ڈاکٹروں کی ٹیم نے بھی ان کو کسی ایسی جگہ منتقل کرنے کی تجویز دی کہ جہاں ان کی متعدد بیماریوں کا علاج ایک چھت تلے میسر ہو لیکن بےحس حکمران ان کی بیماری کا مذاق اڑاتے رہے۔

امریکہ میں وزیراعظم کے اس اعلان کے بعد کہ وہ واپس جاکر نواز شریف کا اے سی اور ٹی وی ہٹوا دیں گے، جیل حکام نے مزید سختی شروع کردی چنانچہ میاں صاحب کی صحت تیزی کے ساتھ بگڑنے لگی اور انہیں پلیٹ لٹس کی کمی کا مرض لاحق ہوگیا۔

ڈاکٹروں کے اصرار پر انہیں سروسز اسپتال منتقل کردیا گیا لیکن حکمرانوں کو حالات کی سنگینی کا پھر بھی احساس نہیں ہوا۔ اس دوران بھی وزیر اور مشیر میاں صاحب کی صحت کا مذاق اڑاتے رہے۔ پھر بھی وزیراعظم یہ سوچتے رہے کہ شاید پنجاب کے ڈاکٹرز شریف برادران کے زیرِ اثر ہیں اور وہ معاملے کو بڑھا چڑھا کر پیش کررہے ہیں چنانچہ تصدیق کے لئے شوکت خانم کے ڈاکٹروں کو بھیجا گیا۔

جب ہر طرف سے تصدیق ہوگئی اور یہ واضح ہوگیا کہ نہ صرف میاں صاحب کی حالت تشویشناک ہے بلکہ اگر وہ جیل میں چوبیس گھنٹے مزید رہ جاتے تو خاکم بدہن کوئی بڑا سانحہ رونما ہوسکتا تھا تو حکومت اور اس کے پشتی بانوں کے اوسان خطا ہونے لگے۔ ہر طرف سراسیمگی پھیل گئی کہ اگر خاکم بدہن میاں صاحب کو کچھ ہوا تو نہ صرف پنجاب کو بھٹو مل جائے گا بلکہ حکمران بھی ان کی جان سے کھیلنے کے الزام سے بچ نہیں سکیں گے چنانچہ میاں نواز شریف کو جلد از جلد رہا کرنے اور ملک سے باہر بھیجنے کی کوششیں زور پکڑ گئیں۔

حکومت اور اس کے پشتی بان میاں صاحب کو جلدبیرون ملک بھیجنا چاہتے ہیں 

ظاہر ہے کہ بھائی کی حیثیت سے میاں شہباز شریف اور بیٹی کی حیثیت سے مریم نواز بھی چاہتی ہیں کہ نواز شریف کی زندگی بچ جائے اور ان کا بہتر سے بہتر علاج ہو لیکن اس حوالے سے ڈیل کی باتیں سراسر جھوٹ ہیں کیونکہ اب کی بار ان سے زیادہ حکومت اور اس کے پشتی بان میاں صاحب کو جلدازجلد بیرون ملک بھیجنا چاہتے ہیں اور ان کو راضی کرنے کے لئے ان کے ساتھ مریم نواز شریف کو بھی باہر بھیجنے کو تیار ہیں۔

حکومت یوں بھی پھنس گئی ہے کہ اب اگر حکومت خود میاں صاحب کو باہر بھجواتی ہے تو اس کے سارے بیانیے کے غبارے سے ہوا نکل جاتی ہے اور اگر ان کو یہاں رکھتی ہے تو اس سے بھی بڑا رسک لیتی ہے۔

جہاں تک مولانا کا تعلق ہے تو حیرت انگیز طور پر مولانا نے مارچ کے لئے ناقابلِ یقین حد تک اور کئی ماہ پر محیط تیاری کی لیکن حکومت نے ان کے معاملے کو سنجیدہ لیا اور نہ سیاسی حل نکالنے کی کوئی کوشش کی۔ جب انہوں نے مارچ کا اعلان کیا تب بھی حکمران اس طرف متوجہ نہ ہوئے۔

یہ پتا چلا کہ مولانا پر تو روایتی جادو نہیں چل رہا تو حکومت حواس باختہ ہوگئی

وہاں یہ سوچ تھی کہ جس طرح الیکشن کروایا گیا اور چیئرمین سینیٹ کے معاملات کا ان کو تکلیف دئیے بغیر حل نکالا گیا، اسی طرح مولانا سے بھی نمٹ لیا جائے گا لیکن جب آخری وقت پر یہ پتا چلا کہ مولانا پر تو روایتی جادو نہیں چل رہا تو حکومت حواس باختہ ہوگئی اور مارچ کو روکنے کا فیصلہ کیا گیا۔

تاہم اس دوران یہ انکشاف ہوا کہ مولانا نے پلان بی کے تحت زیادہ تیاری حکومت کی طرف سے روکے جانے کی حالت کے لئے کی ہے اور اس صورت میں پورے پاکستان کے بند ہونے اور خونریزی کا خطرہ ہے چنانچہ کمیٹی بنا کر مولانا کو اسلام آباد آنے دینے کا فیصلہ ہوا۔ مولانا نے بھی اپنے کارڈز سینے سے لگا رکھے ہیں اور حکومت نے بھی۔

حکومت نے جو تیاری کی ہے وہ صرف اور صرف انتظامی حوالوں سے کی ہے اور پورے شہر کو کنٹینروں سے بھر دیا گیا ہے لیکن سوال یہ ہے کہ اگر لوگ مولانا کی توقع کے مطابق اور حکمرانوں کی توقع کے خلاف زیادہ آگئے تو پھر کیا ہوگا؟

مزید خبریں :