غیرملکی فنڈنگ کیس: الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کو نوٹس جاری کردیا

تحریک انصاف کو جاری نوٹس میں کہا گیا ہے کہ اگر پی ٹی آئی اسکروٹنی کمیٹی کی کارروائی میں شرکت کرے گی تو کمیٹی کو آگاہ کرے— فوٹو:فائل

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے غیر ملکی فنڈنگ کیس میں پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کو نوٹس جاری کردیا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹس میں وضاحت مانگی گئی ہے کہ پی ٹی آئی بتائے کہ اس کا  غیر ملکی فنڈنگ کیس کی تحقیقات کے لیے قائم اسکروٹنی کمیٹی کا بائیکاٹ مستقل ہے یا صرف 23 اکتوبر کے لیے تھا۔

تحریک انصاف کو جاری نوٹس میں کہا گیا ہے کہ اگر پی ٹی آئی اسکروٹنی کمیٹی کی کارروائی میں شرکت کرے گی تو کمیٹی کو آگاہ کرے، اسکروٹنی کمیٹی کا اجلاس 12 نومبر کو سماعت کے لیے مقرر کیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق اگر بائیکاٹ مستقل ہے تو کمیٹی اپنی کارروائی جاری رکھے اور دستیاب ریکارڈ کی روشنی میں رپورٹ مرتب کرے۔

 واضح رہے کہ 23 اکتوبر کو پاکستان تحریک انصاف کے خلاف غیر ملکی فنڈنگ کیس کی تحقیقات کے لیے قائم اسکروٹنی کمیٹی کے اجلاس سے پی ٹی آئی کے وکلاء نے خود کو الگ کر لیا تھا۔

پاکستان تحریک انصاف کے منحرف رہنما اکبر ایس بابر نے سیاسی فنڈنگ سے  متعلق قوانین کی مبینہ خلاف ورزی  پر الیکشن کمیشن میں  پی ٹی آئی کے خلاف  2014 سے درخواست دائر کررکھی ہے۔

گذشتہ ماہ 10 اکتوبر کو  الیکشن کمیشن نے غیر ملکی فنڈز کی تحقیقات کے لیے بنائی گئی تحقیقاتی کمیٹی کے خلاف  پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے دائر کی گئی چار درخواستوں کو مسترد کر دیا تھا۔

دوسری جانب تحریک انصاف کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں الیکشن کمیشن کی تحقیقاتی کمیٹی کے خلاف درخواست بھی زیر سماعت ہے جس میں پی ٹی آئی نے فارن فنڈنگ کی تحقیقات کے لیے بنائی گئی کمیٹی کوچیلنج کررکھاہے۔

مزید خبریں :