پاکستان اسکواش فیڈریشن نے ورلڈ جونیئر چیمپئن شپ کی میزبانی پر نظریں جمالیں

 پاکستان اسکواش فیڈریشن اجلاس میں 2022ء کی جونیئر ورلڈ اسکواش چیمپئن شپ کے پاکستان میں انعقاد کی بھی بات کرے گا— فوٹو: فائل

پاکستان اسکواش فیڈریشن (پی ایس ایف)  نے 2022ء میں ورلڈ جونیئر اسکواش چیمپئن شپ کی میزبانی پر نظریں جماتے ہوئے ملک میں انٹرنیشنل اسکواش کے ٹورنامنٹس کے غیر مشروط انعقاد کی کوششیں تیز کردیں۔

پاکستان اسکواش فیڈریشن کے گیم ڈویلپمنٹ آفیسر اسکوارڈن لیڈر سلیم محمد خان کے مطابق جنوبی افریقا کے شہر کیپ ٹاؤن میں ورلڈ اسکواش فیڈریشن کے دو روزہ اجلاس میں پاکستان اسکواش فیڈریشن کے سینیئر نائب صدر ائیر وائس مارشل عامر مسعود پروفیشنل اسکواش ایسوسی ایشن (پی ایس اے)، ورلڈ اسکواش فیڈریشن اور دیگر اسکواش تنظیموں کے نمائندوں سے ملاقات کریں گے۔

 ورلڈ اسکواش فیڈریشن کا دو روزہ اجلاس آج سے شروع ہورہا ہے جس میں پاکستان کی کوشش ہوگی کہ عالمی اسکواش تنظیم کو پاکستان میں ایونٹس کے انعقاد پر قائل کیا جاسکے۔ 

 پی ایس ایف کا مؤقف ہے کہ پاکستان میں ٹورنامنٹس کے انعقاد کے لیے سیکیورٹی سروے اور سیکیورٹی فیس کی شرط کو ختم کیا جائے۔

 پاکستان اسکواش فیڈریشن اجلاس میں 2022ء کی جونیئر ورلڈ اسکواش چیمپئن شپ کے پاکستان میں انعقاد کی بھی بات کرے گا۔

 پاکستان اسکواش کے سینیئر عہدیدار مصر اور ملائیشیا اسکواش فیڈریشن کے صدور سے بھی علیحدہ ملاقاتیں کریں گے۔

مزید خبریں :