دنیا
Time 06 نومبر ، 2019

ابوبکر البغدادی کی بہن کے بعد اہلیہ بھی گرفتار

ترک صدرنے ابوبکر البغدادی کی بیوی کا نام اور اس کی گرفتاری کے حوالے سے مزید تفصیلات نہیں بتائیں،فوٹو:فائل

ترکی نے داعش کے سابق سربراہ ابوبکر البغدادی کی بہن کے بعد اس کی اہلیہ کو بھی گرفتار کرلیا۔

داعش سربراہ کی بیوہ کی گرفتاری کا اعلان ترک صدر رجب طیب اردوان نے ایک تقریب میں خطاب کے دوران کیا۔

رجب طیب اردوان کا کہنا تھا کہ ہم پہلی مرتبہ اعلان کررہے کہ ترکی نے ابوبکر البغدادی کی بہن کے بعد اس کی بیوی کو بھی گرفتار کرلیا ہے، انہوں نے امریکا پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے داعش سربراہ کی ہلاکت کو ایک مہم بنالیا تھا جب کہ ترکی ایسی چیزوں سے پرہیز کررہا ہے۔

ترک صدر نے ابوبکر البغدادی کی بیوی کا نام اور اس کی گرفتاری کے حوالے سے مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔

اس موقع پر ترک صدر کا کہنا تھا کہ دہشت گرد اپنے گمراہ کن مقاصد کے حصول کے لیے معصوم لوگوں کا خون بہاتے ہیں، اسلام دشمن عناصر دہشت گردی پھیلانے کے لیے مذہب کا استعمال کرتے ہیں، اس لیے کسی کو بھی اسلامی دہشت گردی کی اصطلاح استعمال نہیں کرنی چاہیئے، یہ بات ہم مغربی رہنماؤں کو پہلے بھی کہہ چکے ہیں اور آئندہ بھی انہیں یاد دہانی کراتے رہیں گے۔

واضح رہے کہ ترکی نے گزشتہ دنوں ابوبکر البغدادی کی بہن 65 سالہ رسمیہ اواد کو شام کے شہر حلب سے گرفتار کیا تھا جو کہ گزشتہ ماہ کی کارروائی کے بعد اب ترکی کے زیر کنٹرول ہے۔

ترک حکام کا کہنا تھا کہ ابوبکر البغدادی کی بڑی بہن کی گرفتاری  داعش کے کام کرنے کے طریقہ کار کو سمجھنے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔

واضح رہےکہ گزشتہ ماہ شام کے شمال مغرب میں امریکی اسپیشل فورسز کے آپریشن کے دوران ابو بکرالبغدادی نے خودکش دھماکے سے خود کو ہلاک کرلیا تھا۔

امریکی صدر ٹرمپ نے 27 اکتوبر کو وائٹ ہاؤس میں ایک پریس کانفرنس کے دوران ابوبکر البغدادی کی ہلاکت کا اعلان کیا تھا۔

خیال رہے کہ داعش کے سربراہ ابوبکرالبغدادی کو دنیا کا مطلوب ترین دہشت گردی قرار دیا گیا جس کے سر کی قیمت 25 ملین ڈالر رکھی گئی تھی۔

مزید خبریں :