پاکستان
Time 11 نومبر ، 2019

نواز شریف کا ملک سے باہر جانا سسٹم کا بھیانک چہرہ ہے، فیصل واوڈا

 فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ کابینہ کے تمام اراکین نواز شریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دینے کے حامی نہیں،فوٹو:فائل

وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے نواز شریف کے ملک سے باہر جانے کے معاملے کو ملکی نظام کا بھیانک چہرہ قرار دیا ہے۔

ٹوئٹر پر اپنے بیان میں فیصل واوڈا نے مریم نواز پر طنزکرتے ہوئے لکھا کہ 'ملک میں جو کچھ ہو رہا ہے اُس کی بدولت ابو(نواز)، چچا(شہباز) اور  پھر میں وہاں جا رہے ہیں جہاں ہمارے اشتہاری رشتے دار اور لُوٹی ہوئی دولت ہے۔ چچا آتے جاتے رہیں گے، ہم پہلے بھی سعودیہ بھاگ گئے تھے، ڈاکٹرز کے مطابق علاج کی شرط یہ ہے کہ تیمارداری کوئی اور نہیں صرف میں مریم نواز کرسکتی ہوں'۔


ایک اور ٹوئٹ میں فیصل واوڈا نے لکھا کہ 'یہ ہے ملک کے سسٹم کا وہ بھیانک چہرہ جسے بدلنے عمران خان آئے ہیں، اس فرسودہ نظام کے خلاف پہلے لڑائی کی تھی اب جنگ کریں گے ،دو نہیں ایک پاکستان'۔

واضح رہے کہ طبی بنیادوں پر ضمانت ملنے کے بعد نواز شریف اپنے علاج کے لیے بیرون ملک جانا چاہتے ہیں جس کے لیے  شہباز شریف کی درخواست پر ان کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکلوانے کے لیے وزارت داخلہ نے معاملہ وفاقی کابینہ کو بھجوادیا ہے۔

اس حوالے سےوفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ کابینہ کے تمام اراکین نواز شریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دینے کے حامی نہیں ہیں۔ جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ میرے خیال میں سب وفاقی وزراء کا نواز شریف کو باہر بھیجنے کے فیصلے پر متفق ہونا مشکل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے لیے کابینہ کی منظوری درکار ہو گی لیکن کابینہ کو تاحال نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی سمری موصول نہیں ہوئی اور ابھی تک نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی سمری کابینہ اجلاس کے ایجنڈے میں شامل نہیں ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی سزا 8 ہفتوں کے لیے معطل کی تھی۔

ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ آج نواز شریف نے علاج کے لیے بیرون ملک روانہ ہونا تھا لیکن ان کا نام ای سی ایل میں ہونے کی وجہ سے بیرون ملک روانگی منسوخ ہو گئی۔

مزید خبریں :