پاکستان
Time 12 نومبر ، 2019

فارن فنڈنگ: اسکروٹنی کمیٹی کا اجلاس ملتوی کروانے کیلئے پی ٹی آئی کی ایک اور درخواست

 الیکشن کمیشن کی اسکروٹنی کمیٹی نے اجلاس 26 نومبر تک ملتوی کر دیا ہے— فوٹو:فائل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے غیر ملکی فنڈنگ کیس کی تحقیقات کرنے والی اسکروٹنی کمیٹی کا اجلاس ملتوی کروانے کے لیے ایک اور درخواست دائر کردی۔

پاکستان تحریک انصاف کے خلاف غیر ملکی فنڈنگ کیس کی تحقیقات کے لیے قائم الیکشن کمیشن کی اسکروٹنی کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں پی ٹی آئی کے وکیل سید حسن علی رضا گذشتہ اجلاس کی طرح اس بار بھی  شریک نہیں ہوئے ۔ اس موقع پر تحریک انصاف کی جانب سے درخواست دائر کی گئی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ پی ٹی آئی کی درخواست اسلام آباد ہائیکورٹ میں زیرسماعت ہے، جب تک عدالت فیصلہ نہیں کر دیتی، پی ٹی آئی کمیٹی کارروائی میں شریک نہیں ہو سکتی اس لیےاجلاس ملتوی کیا جائے۔

پاکستان تحریک انصاف کا یہ بھی کہنا ہے کہ اسے نئے وکیل کی خدمات حاصل کرنے کے لیے بھی وقت درکار ہے۔

 الیکشن کمیشن کی اسکروٹنی کمیٹی نے اجلاس 26 نومبر تک ملتوی کر دیا ہے۔

تحریک انصاف کی 4 درخواستیں مسترد

واضح رہےکہ گذشتہ ماہ 10 اکتوبرکو الیکشن کمیشن نے غیر ملکی فنڈنگ کیس کی اسکروٹنی کمیٹی کی کارروائی لیک ہونے سے متعلق تحریک انصاف کی درخواستوں پر فیصلہ سناتے ہوئے تحریک انصاف کی استدعا مسترد کردی تھی اور اسکروٹنی کمیٹی کو اپنا کام جاری رکھنے کی ہدایت کی تھی۔

 درخواستیں مسترد ہونے کے بعد پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن کا فیصلہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا اور اسے کالعدم قرار دینے کی استدعا کی ہے جب کہ  اسکروٹنی کمیٹی کو  بھی کام سے روکنے کی درخواست کی گئی ہے ۔

دوسری جانب تحریک انصاف کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں الیکشن کمیشن کی تحقیقاتی کمیٹی کے خلاف درخواست بھی زیر سماعت ہے جس میں پی ٹی آئی نے فارن فنڈنگ کی تحقیقات کیلئے بنائی گئی کمیٹی کوچیلنج کررکھاہے۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے منحرف رہنما اکبر ایس بابر نے غیر ملکی فنڈنگ سے متعلق قوانین کی مبینہ خلاف ورزی پر الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی کے خلاف 2014 سے درخواست دائر کررکھی ہے۔

مزید خبریں :