13 نومبر ، 2019
لاہور میں ڈولفن فورس کے اہلکارون نے انارکلی بازار میں شاپنگ کرنے والی سکھ خواتین کو لوٹنے والے ڈاکو گرفتار کر لیے۔
ترجمان ڈولفن اسکواڈ کے مطابق بھارت سے آئی سکھ یاتری خواتین انارکلی بازار میں شاپنگ کر رہی تھیں کہ نیلا گنبد کے قریب موٹر سائیکل سوار 2 ڈاکوؤں نے ان سے پرس اور طلائی زیورات چھینے اور فرار ہونے لگے۔
اس موقع پر گشت پر مامور ڈولفن اسکواڈ نے فوری کارروائی کر کے ڈاکوؤں کو قابو کر لیا اور لوٹا ہوا سامان سکھ خواتین کے حوالے کر دیا۔ ملزمان کی شناخت احمد علی اور ندیم بٹ کے نام سے ہوئی ہے۔
دوسری جانب ڈولفن اسکواڈ نے ایک اور واقعے میں شام نگر روڈ اسلام پورہ پر فوری کارروائی کرتے ہوئے خاتون سے گن پوائنٹ پر پرس چھین کر فرار ہونے والے دو ڈاکوؤں کو تعاقب کرکے دھر لیا۔
ملزمان وقار اور مبین سے دو موبائل فون، دو پستول، گولیاں، میگزینز اور موٹر سائیکلیں برآمد کر لی گئیں۔