14 نومبر ، 2019
وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے ایک بار پھر بھارت کو ماحولیاتی آلودگی اور اسموگ پر قابو پانے کےحوالےسے تعاون کی پیشکش کردی۔
فواد چوہدری کا کہنا ہےکہ اب تک تو بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے کسی کام میں عقل مندی کا مظاہرہ نہیں کیا، دعا ہےکہ اللہ تعالیٰ مودی سرکار کو عقل دے دے۔
وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نے بھارت کو اسموگ پر قابو پانے کے لیے فصلوں کی باقیات جلانے کے لیے پاکستان کی تیار کردہ مشین دینے کی پیشکش کی ہے۔
فواد چوہدری کے مطابق پاکستان میں بنائی گئی مشین فصلوں کی گھٹیاں جلانے کے کام آتی ہے جن سے 60 فیصد کم دھواں پیدا ہوتا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ لاہور میں اسموگ بھارت کی وجہ سے ہے، اسموگ کی وجہ سے عام آدمی متاثر ہو رہا ہے ،چاہے وہ نئی دہلی کا ہو یا لاہور کا۔
واضح رہے کہ فواد چوہدری اس سے پہلےبھی سوشل کےذریعے بھارت کو پیشکش کر چکے ہیں۔
خیال رہے کہ بھارتی دارالحکومت نئی دلی خطرناک فضائی آلودگی کی لپیٹ میں ہے اور شہر کا ائیرکوالٹی انڈیکس بلند ترین سطح پر پہنچ چکا ہے۔
زہریلی آب و ہوا سے بچوں کو بچانے کیلئے نئی دلی اور اس سے ملحقہ علاقوں اور بھارتی ریاست اترپردیش میں دو دن کے لیے اسکول بند کردیئے گئے ہیں جب کہ حکام نے کوئلے کو بطور ایندھن استعمال کرنے والی صنعتوں پر بھی ایک روز کے لیے پابندی لگادی ہے۔
بھارتی پنجاب اور نئی دہلی میں فضائی آلودگی اور فصلوں کو جلانے کے اثرات لاہور پر بھی پڑ رہے ہیں۔
ماہرین کے مطابق لاہور میں اسموگ بھارتی شہر جالندھر سے آرہی ہے، جالندھر میں فصلوں کی باقیات جلائی جارہی ہیں جس کا دھواں بھارت سے لاہور کی طرف آرہا ہے۔