Time 15 نومبر ، 2019
کھیل

'شعیب ملک ایسا دوست ہے جس نے برے وقت میں پوچھا تک نہیں'


جارح مزاج ٹیسٹ اوپنر عمران نذیر نے کہا ہے کہ شعیب ملک ایسا دوست ہے جس نے برے وقت میں انہیں پوچھا تک نہیں۔

جیو نیوز کے پروگرام 'اسکور ' میں بات چیت کے دوران عمران نذیر نے کئی اہم سوالات کے جوابات دینے کے ساتھ سابق ٹیسٹ کپتان شعیب ملک کے حوالے سے بھی گفتگو کی۔

انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ انھوں نے شعیب ملک کے ساتھ بڑا اچھا وقت گزارا لیکن افسوس کے ساتھ جب مجھ پر برا وقت آیا تو شعیب ملک نے انھیں مڑ کر بھی نہیں پوچھا۔

آئندہ ماہ اپنی 38 ویں سال گرہ منانے والے عمران نذیر کا کہنا ہے کہ اپنی بیماری کے سبب ان کی ساری جمع پونجی علاج پر خرچ ہو گئی لیکن اس برے وقت میں ٹیسٹ آل راؤنڈر عبدالرزاق، رانا نوید الحسن اور شاہد آفریدی نے ان کا بہت ساتھ دیا۔

عمران نذیر نے کہا کہ عبدالرزاق نے ان کی کافی مالی مدد کی اور کبھی نہیں پوچھا کہ وہ پیسے کب واپس کریں گے جب کہ شاہد آفریدی نے بھی بیماری میں ان کے لیے جو کیا اس کے لیے وہ ان کے بے حد مشکور ہیں۔  

پاکستان کے لیے 1999ء سے 2012ء تک 8 ٹیسٹ، 79ون ڈے اور 25 ٹی ٹوینٹی کھیلنے والے عمران نذیر ون ڈے کر کٹ میں پاکستان کی جانب سے فخر زمان کے 210، اور  سعید انور کے 194 کے بعد 160رنز کی تیسر لمبی ترین اننگز کھیلنے کا بھی اعزاز رکھتے ہیں۔

عمران نذیر نے بتایا کہ لاہور قلندرز نے انہیں ماہانہ معاوضہ دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کھلاڑی کے کیرئیر میں اتار چڑھاؤ آتے ہیں اور اس عرصے میں اس کے بہترین دوست ہی اس کا سہارا بنتے ہیں۔

مزید خبریں :