16 نومبر ، 2019
پاکستان میں ٹماٹر کے بحران کے پیش نظر ایران سے ٹماٹروں کی درآمد شروع ہوگئی ہے۔
ایران سے ٹماٹروں کی بھاری کھیپ لے کر 4 ٹریلر کوئٹہ اور 9 ٹریلر پاک ایران سرحدی شہر تفتان پہنچ گئے جب کہ تفتان پہنچنے والے 9 ٹریلر بھی ایک دو روز میں کوئٹہ پہنچ جائیں گے ۔
کسٹم حکام کے مطابق ایران سے آنے والے ٹریلروں میں مجموعی طور پر 4 ہزار 500 میٹرک ٹن ٹماٹر لدا ہوا ہے، ایرانی ٹماٹر کوئٹہ سے تعلق رکھنے والی 7 نجی کاروباری کمپنیوں نے درآمد کیے ہیں۔
حکام نے بتایا کہ ایران سے درآمد کیے گئے ٹماٹر کراچی اور پنجاب سمیت ملک کے مختلف حصوں میں فروخت کے لیے بھیجے جائیں گے ۔
واضح رہےکہ ملک میں ٹماٹر کے بحران کے باعث اس کی قیمت 300 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے جس کے بعد ٹماٹر درآمد کرنے سے پاکستان میں ٹماٹر کی قیمت میں خاطرخواہ کمی اور استحکام آنے کا قوی امکان ہے۔