Time 20 نومبر ، 2019
کھیل

' بھارت کیخلاف کھلاڑی آخری گیند تک لڑے '

کھلاڑیوں سے کہا تھا کہ حوصلہ نہیں ہارنا دباؤ نہیں لینا اور آخری گیند تک لڑنا ہے، اعجاز احمد،فوٹو:فائل

پاکستان ایمرجنگ ٹیم کے ہیڈ کوچ اعجاز احمد کا کہنا ہے کہ ایمرجنگ ٹیمز   ایشیا کے سیمی فائنل میں بھارت کے خلاف کھلاڑی آخری گیند تک لڑے اور کامیابی حاصل کی۔

میر پور ڈھاکا میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کے پہلے سیمی فائنل میں روایتی حریف بھات کو سنسنی خیز مقابلے میں تین رنز سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوا۔

میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق ٹیسٹ کرکٹر اور ایمرجنگ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور منیجر اعجاز احمد کا کہنا تھا کہ وہ اپنے تجربے کی روشنی میں کھلاڑیوں کے جذبے کو جگانے میں کامیاب رہے۔

اعجاز احمد کا کہنا تھا کہ کہ ’بھارت کے خلاف سیمی فائنل سے قبل میں نے انہیں اپنے دور میں ہونے والے پاک بھارت میچز کے بارے میں بتایا کہ کس طرح تمام کھلاڑی جذبے کے ساتھ کھیلتے تھے اور متحرک ہو تے تھے‘۔

ان کا کہنا تھا کہ سیمی فائنل میں کھلاڑیوں نے اچھا رسپانس دیا اور ہم بھارت کے خلاف کھلاڑیوں کو متحرک رکھنے میں کامیاب رہے، کھلاڑیوں سے کہا تھا کہ حوصلہ نہیں ہارنا دباؤ نہیں لینا اور آخری گیند تک لڑنا ہے اور سب نے دیکھا کہ کھلاڑی آخری گیند تک لڑے اور اہم میچ میں کامیابی حاصل کی۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر کا کہنا تھا کہ سیمی فائنل ایک پریشر گیم ہو تا ہے اس لحاظ سے پاکستان ایمرجنگ ٹیم نے ایک اچھا ٹوٹل حاصل کیا۔ اچھے ٹوٹل کے باوجود ایک موقع پر میچ ہاتھ سے جاتا ہوا دکھائی دیا اور 30 رنز کم لگے لیکن کھلاڑی ٹیم ورک کے ساتھ کھیلے اور ہر کسی نے جیت میں اپنا حصہ ڈالا۔

واضح رہے کہ بنگلا دیش میں جاری اے سی سی ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ کے سیمی فائنل میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے عمیر بن یوسف کی نصف سنچری کی بدولت 267 رنزبنائے۔

ہدف کے تعاقب میں بھارت کی ٹیم 8 وکٹوں کے نقصان پر 264 رنز ہی بناسکی۔ عماد بٹ نے میچ کے آخری اوور میں محض 4 رنز دے کر قومی ایمرجنگ ٹیم کو 3 رنز سے فتح دلادی۔

ایونٹ کا فائنل 23 نومبر کو کھیلا جائے گا۔ دوسرے سیمی فائنل میں افغانستان اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں 21 نومبر کو مدمقابل ہوں گی۔

مزید خبریں :