20 نومبر ، 2019
پاکستان اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ جمعرات سے گابا میں شروع ہو رہا ہے اور 16 سالہ فاسٹ بولر نسیم شاہ اس وقت سب کی نگاہوں کا مرکز ہیں۔
نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ کو آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کرنے کا موقع مل رہا ہے۔
نسیم شاہ کہتے ہیں کہ ڈیوڈ وارنر اور اسٹیو اسمتھ بڑے بلے باز ہیں انہیں اپنی نارمل بولنگ کروں گا، ہر بولر کی کوشش یہی ہوتی ہے کہ بیٹسمین خواہ کوئی بھی ہو اسے اچھی بولنگ کرے۔ اب موقع ملا ہے تو میں اچھا پرفارم کروں گا اور 100 فیصد کارکردگی دکھانے کی کوشش کروں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا میں آسٹریلیا کے خلاف کھیلنا اچھا لگ رہا ہے، میں اس سے متحرک ہوتا ہوں کہ لوگ مجھے دیکھنا چاہتے ہیں لیکن میں اس وقت زیادہ اس بارے یہ نہیں سوچ رہا کہ سب لوگ منتظر ہیں کہ میں ٹیسٹ میچ میں بولنگ کروں۔ بس یہی کوشش ہے کہ میں اچھی کارکردگی دکھاؤں اور اور نیچرل بولنگ کروں۔
نسیم شاہ کا کہنا ہے کہ مجھے خوشی ہو رہی ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف کھیلنے کا موقع مل رہا ہے، میں جب انڈر 16 اور انڈر 19 کی طرف سے کھیل رہا تھا تو میری یہی سوچ تھی کہ میں نے مکمل فٹ رہنا ہے اور ایسی مہارت پیدا کرنی ہے کہ بڑے لیول پر جاکر کھیلوں ۔
نوجوان فاسٹ بولر نے بتایا کہ بولنگ کوچ وقار یونس سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع مل رہا ہے،جو میری غلطیاں ہوتی ہیں وہ بتاتے ہیں اور پھر میں انہیں دور کرتاہوں، وقار یونس کو آسٹریلیا میں کھیلنے کا بہت تجربہ ہے جس کا فائدہ ہو رہا ہے۔
واضح رہے کہ 16 سالہ کرکٹر نسیم شاہ نے لاہور میں عبدالقادر اکیڈمی سے کھیلنے کا آغاز کیا تھا۔
ان کا کہنا ہے کہ عبدالقادر اکیڈمی سے کھیلتے ہو ئے انڈر 16 اور پھر انڈر 19 کا موقع ملا، میں نے وقار یونس، وسیم اکرم اور شعیب اختر کی ویڈیوز دیکھ کر بہت کچھ سیکھا۔ اب بھی ویڈیوز دیکھتا ہوں اور سیکھتا ہوں۔