Time 21 نومبر ، 2019
پاکستان

الیکشن کمیشن ن لیگ اور پی پی سے بھی غیرملکی فنڈنگ کا ریکارڈ منگوائے، پی ٹی آئی

 پیپلزپارٹی اور ن لیگ نے پارٹی فنڈز کی آڑ میں منی لانڈرنگ کی ہے،فرخ حبیب،فوٹو:فائل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے الیکشن کمیشن سے پاکستان مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی سے بھی غیرملکی فنڈنگ کا ریکارڈ منگوانے اور تمام سیاسی جماعتوں سے یکساں سلوک کا مطالبہ کردیا۔

پارلیمانی سیکرٹری برائے ریلوے فرخ حبیب نے الزام عائد کیا ہے کہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ نے پارٹی فنڈز کی آڑ میں منی لانڈرنگ کی ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی اور پارلیمانی سیکرٹری برائے ریلوے فرخ حبیب نے الزام عائد کیا کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی جیسی جماعتوں نے امریکا اور برطانیہ میں کمپنیاں کھول رکھی ہیں اور دونوں نے پارٹی فنڈز کی آڑ میں منی لانڈرنگ کی ہے۔

فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ پولیٹیکل پارٹی آرڈیننس کے تحت کوئی سیاسی جماعت غیر ملکی فنڈز نہیں لے سکتی، ہمارامطالبہ ہے کہ ن لیگ اور  پیپلز پارٹی کا ریکارڈ بھی منگوایا جائے اور ان کے خلاف سماعت بھی روزانہ کی بنیاد پر کی جائے۔

پی ٹی آئی کی غیر ملکی فنڈنگ سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ  تحریک انصاف  نے فارن  فنڈنگ سے متعلق تمام دستاویزات الیکشن کمیشن میں جمع کرادیے ہیں ۔

'کسی جماعت پر پابندی لگنے کا تاثر دینا غلط ہے '

پی ٹی آئی رہنمافرخ حبیب نے کہا کہ کسی جماعت پر پابندی لگنے کا تاثر دینا غلط ہے ، ہم نے پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی فارن فنڈنگ کے خلاف 2017 میں الیکشن کمیشن کو درخواست دی تھی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم بیماریوں کے پیچھے نہیں چھپتے، ن لیگ حیلے بہانوں سے کام لے رہی ہے ، پیپلز پارٹی کو بھی واضح جواب دینا پڑے گا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے خلاف غیر ملکی فنڈنگ کے معاملے کی تحقیقات شروع کرنے کا اعلان کیا تھا اور دونوں جماعتوں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ان کے نمائندوں کو الیکشن کمیشن کی اسکروٹنی کمیٹی کے سامنے 26 نومبر کو پیش ہونے کا کہا گیا تھا۔

غیر ملکی فنڈنگ کیس کیا ہے ؟

واضح رہےکہ تحریک انصاف کے باغی رکن اکبر ایس بابر نے تحریک انصاف میں 23 خفیہ اکاؤنٹس کی موجودگی کا الزام عائد کیا ہے اور اس حوالے سے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کررکھی ہے، ان کا مؤقف ہے کہ پارٹی فنڈنگ کیس میں تحریک انصاف کا محل بہہ جائے گا۔

الیکشن کمیشن نے 10 اکتوبر کو اس کیس کے خلاف تحریک انصاف کی جانب سے دائر درخواستوں کو بدنیتی پر مبنی قرار دیا تھا جس کے خلاف پی ٹی آئی نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپیل دائر کر دی تھی اور ہائی کورٹ نے کیس کو دسمبر کے پہلے ہفتے تک ملتوی کر دیا ہے۔

گزشتہ روز اپوزیشن رہنماؤں نے الیکشن کمیشن تک مارچ کیا اور الیکشن کمیشن میں پاکستان تحریک انصاف کے خلاف غیر ملکی فنڈنگ کیس کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے درخواست الیکشن کمیشن حکام کے حوالے کی تھی جسے منظور کرلیا گیا ہے۔

 چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار رضا اور الیکشن کمیشن کے ممبر خیبرپختونخوا جسٹس(ر) ارشاد قیصر نے اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے  الیکشن کمیشن کی اسکروٹنی کمیٹی  کو حکم دیا ہے کہ فارن فنڈنگ کیس کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کی جائے اور اس کو جلد نمٹایا جائے۔

مزید خبریں :