پی ٹی آئی کیخلاف پارٹی فنڈنگ کیس کی سماعت روزانہ کرنے کی درخواست منظور

اسلام آباد: چیف الیکشن کمشنر نے پی ٹی آئی کے خلاف غیر ملکی فنڈنگ کیس کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر کرنے کی درخواست منظور کرلی۔

گزشتہ روز اپوزیشن رہنماؤں نے الیکشن کمیشن تک مارچ کیا اور الیکشن کمیشن میں پاکستان تحریک انصاف کے خلاف غیر ملکی فنڈنگ کیس کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے درخواست الیکشن کمیشن حکام کے حوالے کی۔

جیونیوز کےمطابق چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار رضا اور الیکشن کمیشن کے ممبر خیبرپختونخوا جسٹس(ر) ارشاد قیصر نے اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کی درخواست پر فیصلہ سنایا۔

ذرائع کا کہناہےکہ الیکشن کمیشن نے ہدایت کی ہےکہ اسکروٹنی کمیٹی فارن فنڈنگ کیس کو جلد نمٹائے۔

گزشتہ روز اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کا کہنا تھا کہ پانچ سال ہو گئے تحریک انصاف کے خلاف تحقیقات مکمل نہیں ہوئیں۔

ن لیگ کے رہنما احسن اقبال نے کہا کہ کہ اگلے مہینے چیف الیکشن کمشنر ریٹائر ہو رہے ہیں، پی ٹی آئی کوشش کر رہی ہےکہ الیکشن کمیشن کی تشکیل ختم ہو جائے تاکہ مقدمے کی کارروائی غیر مؤثر ہو جائے۔

کیس میں کچھ بھی نہیں ،اطمینان رکھیں: وزیراعظم

پاکستان تحریک انصاف کے خلاف غیر ملکی پارٹی فنڈنگ کیس پر وزیراعظم نے گزشتہ روز حکومتی ترجمانوں کے اجلاس میں کہا کہ  پارٹی فنڈنگ کیس میں کچھ بھی نہیں ،اطمینان رکھیں، تحریک انصاف کے سارے اکاؤنٹس کی آڈٹ رپورٹس موجود ہیں۔

پوری پی ٹی آئی کالعدم ہوسکتی ہے: سابق سیکریٹری الیکشن کمیشن

اس حوالے سے جیو نیوز کے پروگرام کیپیٹل ٹاک میں گفتگو کرتے ہوئے کنور دلشاد کا کہنا تھا الیکشن ایکٹ کے مطابق تحریک انصاف کے خلاف فارن فنڈنگ کیس میں اگر الزام درست ثابت ہو جائے تو الیکشن کمیشن کو یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ پوری جماعت کو کالعدم قرار دے سکتا ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں سماعت آئندہ ماہ تک ملتوی

علاوہ ازیں اسلام آباد ہائی کورٹ نے حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کیخلاف فارن فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کے 10 اکتوبر کے فیصلے کے خلاف درخواست پر سماعت تحریک انصاف کے وکیل کی سپریم کورٹ میں مصروفیات کے باعث دسمبر کے پہلے ہفتے تک ملتوی کردی۔

خیال رہے کہ تحریک انصاف کے باغی رکن اکبر ایس بابر نے تحریک انصاف میں 23 خفیہ اکاؤنٹس کی موجودگی کا الزام عائدکیا ہے اور اس حوالے سےالیکشن کمیشن میں درخواست دائر کر رکھی ہے اور ان کا مؤقف ہے کہ پارٹی فنڈنگ کیس میں تحریک انصاف کا محل بہہ جائے گا۔

الیکشن کمیشن نے 10 اکتوبر کو اس کیس کے خلاف تحریک انصاف کی جانب سے دائر درخواستوں کو بدنیتی پر مبنی قرار دیا تھا جس کے خلاف پی ٹی آئی نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپیل دائر کر دی تھی اور ہائی کورٹ نے کیس کو دسمبر کے پہلے ہفتے تک ملتوی کر دیا ہے۔

مزید خبریں :