پاکستان
Time 26 نومبر ، 2019

نواز شریف کو زہر خوانی سے متعلق رپورٹس سامنے آنے پر ہی بات کروں گا: حسین نواز

ڈاکٹر اسٹیرائڈز کی بھاری ڈوز ختم کرنا چاہتے ہیں کیوں کہ اسٹیرائڈز کے اثرات ختم ہوتے ہی بون میرو کی تشخیص شروع ہوگی: نواز شریف کے بیٹے کی میڈیا سے گفتگو— فوٹو:فائل 

سابق وزیراعظم نواز شریف کے بیٹے حسین نواز  نے کہا ہے کہ نواز شریف کو زہر خوانی سے متعلق رپورٹس سامنے آنے پر ہی بات کروں گا۔

نوازشریف لندن میں علاج کی غرض سے 19 نومبر سے موجود ہیں اوراس دوران وہ 3 بار طبی معائنے کے لیے گھرسے باہرنکلے ہیں۔

فیملی ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی آج کوئی اپائنمنٹ نہیں اور انہوں نے پورا دن آرام کیا جبکہ ان کا ’پی ای ٹی‘ اسکین جمعرات کو ہوگا جس کے بعد ڈاکٹرز علاج سے متعلق لائحہ عمل طے کریں گے۔

نواز شریف کی صحت کے حوالے سے حسین نواز کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ نواز شریف کے پلیٹیلیٹس سے متعلق تشخیص اور علاج ساتھ چل رہے ہیں، ڈاکٹر اسٹیرائڈز کی بھاری ڈوز ختم کرنا چاہتے ہیں کیوں کہ اسٹیرائڈز کے اثرات ختم ہوتے ہی بون میرو کی تشخیص شروع ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ زہر خوانی کے خدشات سے متعلق رپورٹس سامنے آنے پر ہی بات کروں گا۔

خیال رہے کہ سابق وزیراعظم کے صاحبزادے نے والد کی طبیعت خراب ہونے پر اُنہیں زہر دیے جانے کے خدشے کا اظہار کیا تھا۔

حسین نواز کا مزید کہنا تھا کہ ڈاکٹر عدنان روزانہ کی بنیاد پر شوگر، بلڈ پریشر اور دل کی دھڑکن چیک کررہے ہیں، انفیکشن کے خطرہ سے بچنے کے لیے نوازشریف کا گھر میں علاج کیا جارہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مدافعتی نظام کو توانا رکھنے کے لیے بھی نوازشریف کو دوائیں دی جارہی ہیں۔

اس دوران حسین نواز پاکستان کی میڈیکل رپورٹس و علاج معالجے کے سوال پر جذباتی ہوگئے اور کہا کہ حکومتی کارندوں کے پاکستانی ڈاکٹرز کے بارے میں مجھ سے سوال نہ پوچھیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل حسین نواز  نے زہرخوارنی کے خدشے پر وضاحت میں کہا تھا کہ والد کے پلیٹیلیٹس میں کمی کی وجہ سے سلو پوائزن کا خدشہ ظاہر کیا تھا، سلو پوائزن کے خدشے کی تحقیقات ہونی چاہیے۔

مزید خبریں :