26 نومبر ، 2019
کراچی میں سگنل توڑنے پر ٹریفک پولیس اہلکار نے خاتون کو روکا تو خاتون نے الٹا اس سے بدکلامی کی اور فرار ہوگئی۔
قانون پرعمل کرنا مہذب معاشرے کے اچھے شہریوں کی علامت سمجھی جاتی ہے تاہم کراچی میں سگنل توڑنے پر خاتون کو روکا گیا تو 'الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے' کے مصداق خاتون نے ٹریفک پولیس اہلکار سے بدتمیزی کی ،بدکلامی کی اور شیشہ چڑھا کر فرار ہوگئی۔
ذرائع کے مطابق یہ واقعہ کراچی کے علاقے ڈیفنس میں پیش آیا جہاں کار سوار خاتون نے خیابان شہباز کا سگنل توڑا۔
واقعے کی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں خاتون کو ٹریفک پولیس اہلکار سے بدتمیزی کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
ٹریفک پولیس اہلکار کی جانب سے روکے جانے پر خاتون شرمندہ ہونے اور اہلکار سے تعاون کرنے کے بجائے کسی سے فون پر بات کررہی ہیں اور مسلسل اہلکار پر اپنے بااثر ہونے کا رعب جھاڑ رہی ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین نے واقعے کی فوٹیج پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے قانون کے مطابق کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔