Time 27 نومبر ، 2019
پاکستان

پنجاب پولیس کے یونیفارم میں معمولی تبدیلی

یونیفارم میں معمولی تبدیلی کا مراسلہ پنجاب بھر کے افسران کو بھجوادیا گیا ہے— فوٹو:فائل

پنجاب میں حکومت نے 14 ماہ کے دوران جہاں 4 انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس تبدیل کیے ہیں وہیں پولیس یونیفارم میں بھی ایک بار پھر معمولی تبدیلی کردی گئی ہے۔

آئی جی پنجاب پولیس کےدستخط سےڈریس ریگولیشن 2017 میں ترمیم کانوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

مراسلے کے مطابق پنجاب پولیس کے زیتونی سبز یونیفارم میں موزے کا رنگ نیوی بلیو(گہرا نیلا)کردیا گیا ہے، اس سےقبل پنجاب پولیس یونیفارم میں موزے کارنگ زیتونی سبز ہی تھا۔

یونیفارم میں معمولی تبدیلی کا مراسلہ پنجاب بھر کے افسران کو بھجوادیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ اپریل 2017 میں پنجاب پولیس کی سیاہ شرٹ اور خاکی پینٹ ختم کر کے نئی زیتونی رنگ کی یونیفارم شروع کی گئی تھی۔

بعد ازاں رواں سال ایک بار پھر پنجاب پولیس کا یونیفارم تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا اور اس کا یونیفارم اسلام آباد پولیس کی طرح نیلی پینٹ شرٹ رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا تاہم بعد میں یہ فیصلہ منسوخ کردیا گیا۔

دوسری جانب پنجاب میں حکومت 14 ماہ میں 4 آئی جیز تبدیل کرچکی ہے اور اب شعیب دستگیر کو نیا آئی جی پنجاب لگایا گیا ہے۔

مزید خبریں :