کھیل
Time 27 نومبر ، 2019

’اب پاکستان اپنی ہوم سیریز بیرون ملک نہیں کھیلے گا‘

پی سی بی ہوم سیریز ہوم گراؤنڈ پر کھیلنے کے فیصلے پر قائم ہے اور اس میں اب کوئی تبدیلی نہیں آسکتی، بورڈ— فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ہوم سیریز ہوم گراونڈز پر کھیلنے کے فیصلے پر قائم ہے، پی سی بی کا کہنا ہے کہ اب پاکستان اپنی ہوم سیریز بیرون ملک نہیں کھیلے گا۔

سری لنکا کے خلاف اگلے ماہ شیڈول دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے بعد پاکستان نے دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کے لیے بنگلہ دیش کی میزبانی کرنی ہے اور یہ ٹیسٹ میچز بھی آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئین شپ کا حصہ ہیں۔

گزشتہ چند روز سے بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے حوالے سے مختلف تحفظات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے پی سی بی کا کہنا ہے کہ پی سی بی ہوم سیریز ہوم گراؤنڈ پر کھیلنے کے فیصلے پر قائم ہے اور اس میں اب کوئی تبدیلی نہیں آسکتی، بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کو سیریز کا ابتدائی خاکہ بھجوا دیا ہے۔

سیریز کے پہلے مرحلے میں دو ٹیسٹ جبکہ دوسرے مرحلے میں ٹی ٹوئنٹی میچز ہوں گے جس کے بعد پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا پانچواں ایڈیشن پاکستان میں کھیلا جائے گا۔

پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش سیکورٹی وفد نے تین سیریز کے لیے سیکورٹی پلان کا جائزہ لیا، انڈر 16 اور ویمن ٹیموں کے دورے ہو چکے اب بنگلہ دیش کی قومی ٹیم کا دورہ باقی رہتا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے اگر اب پالیسی بدلی تو اس کے پی ایس ایل اور دوسری سیریز پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔

بنگلہ دیش کی ٹیم اگر پاکستان کا دورہ نہیں کرتی تو اسے پوائنٹس کھونا پڑیں گے۔

مزید خبریں :