دنیا
Time 29 نومبر ، 2019

لندن برج کے قریب دہشتگردی کا واقعہ، حملہ آور ہلاک

برطانوی دارالحکومت کے علاقے لندن برج کے قریب دہشتگردی کا واقعہ پیش آیا جس میں ایک چاقو بردار شخص نے لوگوں پر حملہ کردیا تاہم پولیس کی فائرنگ سے حملہ آور ہلاک ہوگیا۔

برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق لندن پولیس نے اس واقعے کو دہشتگردی قرار دے دیا ہے۔

میٹروپولیٹن پولیس کے اسسٹنٹ کمشنر نیل باسو نے اپنے بیان میں کہا کہ ’اب ہم اس پوزیشن میں ہیں کہ اس بات کی تصدیق کرسکیں کہ یہ ایک دہشتگردی کا واقعہ تھا جس میں ایک چاقو بردار شخص نے لوگوں پر حملہ کیا‘۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ’حملہ آور کے پاس ایک جعلی دھماکا خیز ڈیوائس بھی موجود تھی اور مسلح افسران نے اسے ہلاک کردیا ہے‘۔

برطانوی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق  فائرنگ کے بعد لندن برج اور اطراف کی سڑکوں کو کچھ دیر کیلئے بند کردیا گیا جبکہ برج میٹرو اسٹیشن بھی بند کردیا گیا تھا۔ 

ابتدائی طور پر یہ رپورٹس سامنے آئی تھیں کہ لندن برج پر کچھ لوگ آپس میں جھگڑ رہے تھے جسے دیکھ کر پولیس موقع پر پہنچی اور پھر فائرنگ ہوئی۔

میٹرو پولیٹن پولیس کا کہنا ہے کہ لندن برج پر ایک چاقو بردار شخص لوگوں پر حملہ کررہا تھا اور کچھ لوگوں نے حملہ آور کو گھیر لیا تھا تاہم پولیس نے موقع پر پہنچ کر حملہ آور کو  فائرنگ کرکے ہلاک کردیا۔

چاقو کے وار سے 5 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جبکہ  پولیس نے ایک شخص کو گرفتار بھی کیا ہے۔

خیال رہے کہ سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف بھی ان دنوں علاج کی غرض سے لندن میں موجود ہیں اور یہ حملہ ایسے وقت میں ہوا جب وہ چیک اپ کے لیے لندن برج کے قریب واقع اسپتال جارہے تھے۔

اس واقعے کی وجہ سے پولیس نے اطراف کی سڑکیں بند کردیں جس کے سبب نواز شریف اسپتال نہ پہنچ سکے اور راستے سے ہی واپس گھر روانہ ہوگئے۔

امریکی صدر کی تعاون کی پیشکش

برطانوی  وزیراعظم بورس جانسن واقعے کی اطلاع ملتے ہی انتخابی مہم معطل کرکےویسٹ منسٹرپہنچے جہاں انہیں صورتحال پربریفنگ دی گئی۔

 برطانوی میڈیا کے مطابق واقعے کے بعد لندن بھر میں پولیس کی پیٹرولنگ میں اضافہ کردیا گیا ہے جبکہ  ٹرانسپورٹ نیٹ ورک میں بھی پولیس افسران کی نفری بڑھادی گئی ہے۔

لندن کے میئر صادق خان کا کہنا ہے کہ چاقو حملے میں زخمی افراد میں سے کچھ کی حالت تشویشناک ہے جبکہ امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے برطانیہ کو ہرقسم کی مدد کی پیشکش کی ہے۔

مزید خبریں :