30 نومبر ، 2019
قومی ائیرلائن(پی آئی اے) کی ایک اور خاتون مسافر کے ساتھ بڑی واردات سامنے آئی ہے اور سیالکوٹ سے کراچی کی پروازکے دوران خاتون کے سامان سے 40 لاکھ روپے مالیت کا سونا لوٹ لیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق کھاریاں گجرات سے تعلق رکھنے والی شگفتہ بانو جو متحدہ عرب امارات کی رہائشی ہیں، 23 نومبر کو سیالکوٹ سے پی آئی اے کی پرواز پی کے 397 سے کراچی آرہی تھیں کہ اس دوران مبینہ طور پر پی آئی اے کے لوڈرز (سامان اٹھانے والے) کی واردات کا شکار ہوئیں۔
خاتون کے مطابق ان کے پاس سامان کے دو بیگ تھے جن میں سے ایک جمع کرادیا جب کہ دوسرا دستی بیگ (ہینڈ کیری) اپنے پاس رکھاجس میں لگ بھگ 40 لاکھ روپے مالیت کے سونے کے زیورات تھے۔
خاتون کے مطابق وہ تنہا سفر کر رہی تھیں اور ان کا سامان محض 4 کلوگرام اضافی تھا لیکن پی آئی اے کے بورڈنگ کے عملے نے انہیں 4 کلو گرام اضافی دستی سامان بھی ساتھ لے جانے نہیں دیا اور اضافی دستی سامان بھی جہاز میں جمع کرانے پر مجبور کیا جب کہ زیادہ وزن کی فیس کے عوض 8ہزار580 روپے وصول بھی کیے۔
خاتون مسافر شگفتہ کے مطابق جب وہ کراچی ائیرپورٹ پر پہنچیں تو جمع کرائے گئے بیگ میں موجود ان کے زیورات کے ڈبے خالی تھے، جس پر انہوں نے فوری طور پر پی آئی اے کے متعلقہ کاؤنٹر سے رابطہ کیا اور واردات پر فوری ایکشن کی درخواست کی لیکن متعلقہ عملے نے تعاون نہیں کیا اور انہیں بتایا کہ متعلقہ لوڈرز کی شفٹ ختم ہوگئی ہے اس لیے انہیں پکڑا نہیں جاسکتا۔
جیو ٹی وی کو موصول ویڈیو میں خاتون شکایتی کاؤنٹر پر اپیل کرتی نظر آتی ہیں مگر عملہ انہیں تھانے جاکر کر رپورٹ درج کرانے کا مشورہ دے رہا ہے۔
خاتون کے مطابق ان کے بار بار کہنے کے باوجود پی آئی اے کے عملے نے متعلقہ جگہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج چیک نہیں کی۔
خاتون نے روتے ہوئے بتایا کہ ان کے دباؤ ڈالنے پر پی آئی اے کے ایک افسر نے زیورات چوری کا الزام الٹا انہیں کے گھر والوں پر لگا دیا کہ زیورات گھر پر ہی کسی نے چوری کیے ہیں۔
خاتون نے بتایا کہ پی آئی اے کراچی کے عملے سے بددل ہوکر وہ فوری طور پر سیالکوٹ پہنچیں اور ائیرپورٹ کی سی سی ٹی وی کے ساتھ اسکیننگ مشین کا ریکارڈ چیک کیا تو ان کے بیگ میں تمام زیورات موجود نظر آ رہے تھے۔
شگفتہ کے مطابق انہوں نے کراچی اور سیالکوٹ میں پی آئی اے، ائیر پورٹ سیکیورٹی فورس(اے ایس ایف) اور سول ایوی ایشن اتھارٹی(سی اے اے) میں شکایت درج کرادی ہے جب کہ سیالکوٹ تھانے میں بھی مقدمہ کے اندراج کے لیے تحریری طور پر درخواست جمع کرائی ہے۔
اس سلسلے میں رابطہ کرنے پر اور سول ایوی ایشن اور اے ایس ایف ذرائع نے واردات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ملزمان کی تلاش جاری ہے جب کہ کوشش کے باوجود پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ ایچ خان سے رابطہ نہیں ہوسکا۔
واضح رہے کہ ائیر پورٹ پر یہ اپنی نوعیت کی پہلی واردات نہیں ہے گزشتہ ایک ماہ کے دوران کراچی میں پی آئی اے کے 7 لوڈرز کو پولیس نے گرفتار کرکے لوٹا گیا سامان اور زیورات برآمد کیا تھا۔