30 نومبر ، 2019
کراچی کی مقامی عدالت نے سگنل توڑنے اور ٹریفک پولیس اہلکار سے بدسلوکی کرنے والی خاتون کی ضمانت قبل از گرفتاری منظور کرلی۔
کراچی کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی کی عدالت میں ٹریفک پولیس اہلکار سے خاتون کی بدسلوکی کرنے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔
ملزمہ خاتون ثناء ضمانت کے لیے عدالت میں پیش ہوئیں، دوران سماعت پولیس نے مؤقف اپنایا کہ چند روز قبل ملزمہ نے درخشاں تھانے کی حدود میں ٹریفک پولیس اہلکار سے بد سلوکی کی تھی جس پر ملزمہ کے خلاف اہلکار کی مدعیت میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔
بعد ازاں عدالت نے ملزمہ ثناء کی 30 ہزار روپے کے عِوض 4 دسمبر تک ضمانت قبل از گرفتاری منظور کرلی۔
عدالت نے خاتون کو تحقیقات میں پولیس کے ساتھ تعاون کرنے کی بھی ہدایت کی۔
عدالت نے خاتون کو پولیس کو اپنا بیان ریکارڈ کرانے کا حکم دیتے ہوئے کیس کے تفتیشی افسر کو آئندہ سماعت پر تمام ریکارڈ کے ساتھ پیش ہونے کا حکم بھی دیا۔
واضح رہے کہ 26 نومبر کو کراچی میں سگنل توڑنے پر ٹریفک پولیس اہلکار نے ثناء نامی خاتون کو روکا تو خاتون نے الٹا اس سے بدکلامی کی اور فرار ہوگئی۔
واقعے کی فوٹیج سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوئی تھی جس کے بعد شہریوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر سخت ردعمل سامنے آیا تھا اور صارفین نے ملزمہ کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔