پاکستان
Time 04 دسمبر ، 2019

اسلام آبادہائیکورٹ کا آصف زرداری کیلئے نیا میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم

اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق صدر آصف علی زرداری کی طبی بنیادوں پر  ضمانت کی درخواست پر سماعت کے دوران پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈٹ (ایم ایس) کو نیا میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم دے دیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں سابق صدر آصف علی زرداری کی طبی بنیادوں پر درخواست کی سماعت ہوئی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ کے استفسار پر آصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے بتایا کہ میڈیکل بورڈ حکومت نے بنایا ہے۔

عدالت عالیہ نے پمز اسپتال کے ایم ایس کو نیا میڈیکل بورڈ تشکیل دے کر رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیا۔

آصف زرداری کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ آصف علی زرداری کے ذاتی معالج کو بھی میڈیکل بورڈ میں شامل کیا جائے جسے عدالت عالیہ نے قبول کرتے ہوئے اس حوالے سے حکم جاری کردیا۔

فریال تالپور کی درخواست ضمانت پر نیب سے جواب طلب

عدالت نے آصف زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور کی ضمانت کی درخواست پر قومی احتساب بیورو (نیب) کو نوٹس جاری کرتے ہوئے تحریری جواب طلب کرلیا۔

بعد ازاں سماعت 11 دسمبر تک ملتوی کردی گئی۔

واضح رہے کہ  گذشتہ روز سابق صدر  آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں ضمانت کی درخواست دائر  کی تھی جس پر  عدالت نے  نے آصف علی زرداری کی طبی بنیادوں پر درخواست ضمانت سماعت کے لیے مقرر کی تھی۔

رواں برس جون میں فریال تالپور اور ان کے بھائی آصف علی زرداری کو جعلی اکاؤنٹس کیس میں احتساب عدالت نے گرفتار کیا تھا۔

سابق صدر آصف علی زرداری جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں جوڈیشل ریمانڈ پر قومی احتساب بیورو کی حراست میں ہیں اور وہ اڈیالہ جیل میں قید تھے کہ ان کی طبیعت بگڑ گئی جس کے بعد انہیں 23 اکتوبر کو پمز اسپتال منتقل کیا گیا اور وہ اب بھی اسپتال میں ہی ہیں۔

مزید خبریں :