05 دسمبر ، 2019
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز اسلام آباد یونائیٹڈ نے مصباح الحق کو ہیڈ کوچ مقررکردیا۔
قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق اب پی ایس ایل میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی کوچنگ بھی کریں گے۔
اس کے علاوہ لیوک رونچی اسلام آباد یونائیٹڈ کے اسسٹنٹ کوچ اور سعید اجمل اسپن بولنگ کوچ ہوں گے۔
یاد رہے کہ مصباح الحق اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان بھی رہ چکے ہیں اور ان کی قیادت میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے 2 مرتبہ پی ایس ایل کی ٹرافی جیتی ہے۔
قومی ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق کو ہیڈ کوچ کے ساتھ چیف سلیکٹرکی ذمہ داریاں دینے پر متعدد سابق کرکٹرپاکستان کرکٹ بورڈ کو تنقید کا نشانہ بناچکے ہیں۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے سابق کوچ معین خان نے گذشتہ روزپاکستان سپر لیگ میں مصباح الحق کے کسی بھی فرنچائز کے ساتھ کام کرنے کی مخالفت کی تھی۔
معین خان کا کہنا تھا کہ اگر مصباح الحق پی ایس ایل کی کسی بھی ٹیم کے ساتھ منسلک ہوتے ہیں تو اس کا پاکستانی کھلاڑیوں پر اچھا اثر نہیں پڑے گا، یہ مفادات کا ٹکراؤ ہے۔
معین خان نے مزید کہا کہ اگر میں اس جگہ ہوتا تو خود ہی ایک عہدے سے دستبردار ہوجاتا، مجھے سمجھ نہیں آرہا کہ مصباح الحق کو ایک ساتھ اتنے عہدے کیوں دے دیے گئے۔
خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی)مصباح الحق کی تقرری کے وقت یہ اعلان کرچکا تھا کہ انہیں پاکستان سپر لیگ میں کام کرنے کی اجازت ہوگی۔
ماضی میں بھی ایسی مثالیں ملتی ہیں جب پی سی بی میں اہم عہدوں پر فائز شخصیات کو پی ایس ایل فرنچائز میں بھی ذمہ داریاں دی گئیں جس کی سب سے بڑی مثال سابق ہیڈ کوچ مکی آرتھر کی ہے جو کراچی کنگز کے بھی کوچ تھے۔