Time 06 دسمبر ، 2019
کھیل

ساؤتھ ایشین گیمز: پاکستان نے مزید 4 گولڈ میڈلز جیت لیے

ویٹ لفٹنگ 67 کلوگرام کیٹیگری میں پاکستان کے طلحہ طالب اور 81 کلوگرام میں حیدر علی نے گولڈ میڈل جیتا— فوٹو: جیو نیوز

نیپال میں جاری ساؤتھ ایشین گیمزمیں پاکستان نے جمعہ کو مزید 4 گولڈ میڈلز جیت لیے جس کے بعد ایونٹ میں پاکستان کے مجموعی گولڈ میڈلز کی تعداد 20 ہوگئی۔

پاکستان اسکواش ٹیم نے بھی ایونٹ کے فائنل کیلئے کوالیفائی کرکے میڈل یقینی کرلیا۔

تیرہویں ساوتھ ایشین گیمز میں جمعہ کو پاکستان نے ایتھلیٹکس میں مزید 2 گولڈ میڈلز حاصل کیے۔ 400 میٹر ہرڈلز میں پہلے محبوب علی نے طلائی تمغہ سینے پر سجایا، پھر خواتین کی 400 میٹر ہرڈلز میں نجمہ پروین نے بھی گولڈ میڈل جیتا۔

ویٹ لفٹنگ میں بھی پاکستان نے 2 گولڈ میڈل جیتے۔67 کلوگرام کیٹیگری میں پاکستان کے طلحہ طالب اور 81 کلوگرام میں پاکستان کے حیدر علی نے گولڈ میڈل جیتا۔

ویٹ لفٹنگ میں پاکستان کے ابو صفیان نے 73 کلوگرام کیٹیگری میں سلور میڈل حاصل کیا۔

خواتین کی 10 میٹر ائیرپسٹل ٹیم ایونٹ میں کشمالہ طعت، انا ابتسام اورمہوش فرحان پر مشتمل پاکستان ٹیم نے سلور میڈل حاصل کیا۔

پاکستان نے جمعے کو 4 برانز میڈلز بھی حاصل کیے۔ مردوں کی چار ضرب سو میٹر ری لے میں سمیع اللہ، محمد شہباز، عزیر رحمان اور محمد نعیم پر مشتمل پاکستان ٹیم نے برانز میڈل حاصل کیا۔

خواتین کے مقابلوں میں صاحب اسرا، نجمہ پروین، انیلہ گلزار اور ایشا عمران نے چار ضرب سو میٹر ریس میں کانسی کا تمغہ جیتا۔

شوٹنگ کے انفرادی 10 میٹر ائیرپسٹل میں پاکستان کی انا ابتسام نے اور شمشیر زنی کے مقابلوں میں پاکستان کے علی سعید نے برانز میڈل حاصل کیا۔

پاکستان نے ساؤتھ ایشین گیمز میں اب تک 20 گولڈ میڈل، 24 سلور اور 33 برانز میڈلز حاصل کیے ہیں۔

مزید خبریں :