08 دسمبر ، 2019
ڈائریکٹر اکیڈمیز پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور سابق کرکٹر مدثر نذر نے 31 مئی 2020 کو ختم ہونے والے اپنے کنٹریکٹ میں توسیع نہ لینے کا فیصلہ کرلیا۔
مدثر نذر نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو اپنے فیصلے سے آگاہ کردیا ہے جس کی چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے بھی تصدیق کردی ہے۔
مدثر نذر نے یکم جون 2016 میں پی سی بی کے ڈائریکٹر اکیڈمیز کا عہدہ سنبھالا تھا، ابتدائی طور پر 3 سالہ کنٹریکٹ مکمل ہونے کے بعد رواں سال مدثر نذر کے کنٹریکٹ میں ایک سال کی توسیع کی گئی تھی۔
اس حوالے سےمدثر نذر کا کہنا ہے کہ دبئی میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) اکیڈمی کے ساتھ کام کرنے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ میں بطور ڈائریکٹر اکیڈمیز کام کرنا ایک اطمینان بخش لمحہ رہا۔
سابق کرکٹر نے کہا کہ انہوں نے پہلے سے ہی 3 سال تک کام کرنے کا سوچ رکھا تھا تاہم دوستوں کی درخواست پر مزید ایک سال کی توسیع قبول کی۔
مدثر نذر نے کہا کہ اب وہ اہلِ خانہ کے ساتھ وقت گزارنے واپس برطانیہ جارہے ہیں اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں اپنے گزرے ہوئے دور پر مطمئن ہیں، اس دوران نیشنل کرکٹ اکیڈمی نے پاکستان کو کئی کرکٹرز دیے، ابھی بیشتر کھلاڑی قومی کرکٹ کے دروازے پر دستک دے رہے ہیں۔
مدثر نذر نے کہاکہ انڈر 13، انڈر 16 اور انڈر 19 ٹیلنٹ ہنٹ پروگرامز کے ذریعے وہ کرکٹ کو ملک کے کونے کونے تک پہنچانے میں کامیاب رہے۔
انہوں نے کہا کہ ابھی ان کے کنٹریکٹ میں کچھ عرصہ باقی ہے تاہم اس دوران پی سی بی کو اس عہدے کے لیے متبادل ڈھونڈنے کا موقع مل جائے گا۔