Time 09 دسمبر ، 2019
پاکستان

چیف الیکشن کمشنر کیلئے فضل عباس میکن اور اخلاق تارڑ کے نام شارٹ لسٹ

چیف الیکشن کمشنر کے لیے فضل عباس میکن اور اخلاق تارڑ کے نام شارٹ لسٹ ہوگئے۔

جسٹس (ر) سردار رضا خان 6 دسمبر کو مدت ملازمت مکمل ہونے کے بعد ریٹائر ہوچکے ہیں اور ان کی جگہ الیکشن کمیشن کے رکن جسٹس (ر) الطاف قریشی نے قائم مقام چیف الیکشن کمشنر کے عہدے کا حلف اٹھایا ہے۔ 

آئینی طور پر چیف الیکشن کمشنر کی تقرری 45 روز میں ہونا ضروری ہے تاہم حکومت اور متحدہ اپوزیشن میں چیف الیکش کمشنر اور دیگر ارکان کے معاملے پر ڈیڈلاک تھا جو اب ختم ہوتا نظر آرہا ہے۔

ذرائع کے مطابق چیف الیکشن کمشنر کے لیے 2 نام شارٹ لسٹ کیے گئے ہیں جن میں حکومت کی جانب سے فضل عباس میکن جبکہ اپوزیشن نے اخلاق تارڑ کا نام دیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس بدھ کو ہوگا جس میں دونوں ناموں پر غور کیا جائے گا اور امکان ہے کہ اِسی اجلاس میں ایک نام پر اتفاق ہوجائے۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے معاملے پر حکومت اور متحدہ اپوزیشن میں ڈیڈلاک تھا جس کے بعد اپوزیشن معاملہ سپریم کورٹ لے گئی ہے جبکہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کے ارکان کی تقرری کے لیے 5 دسمبر کو مزید 10 روز کا وقت دیا تھا۔

اس حوالے سے اپوزیشن کے رہنما و سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا تھا کہ اگر چیف الیکشن کمشنر کی تقرری پر اتفاق ہوگیا تو درخواست واپس لے لیں گے۔

مزید خبریں :