Time 08 دسمبر ، 2019
پاکستان

چیف الیکشن کمشنر اور ارکان کا فیصلہ بدھ تک ہوجائے گا: پرویز خٹک

وزیر دفاع پرویز خٹک کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان سے کوئی رکن قومی اسمبلی نالاں نہیں بلکہ گلے شکوے تو ہوتے رہتے ہیں۔

نوشہرہ میں جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز خٹک کاکہنا تھا کہ ممبران الیکشن کمیشن اور چیف الیکشن کمشنر سے متعلق اپوزیشن اور اتحادی جماعتوں سے رابطے ہوچکے ہیں، بدھ تک ان تقرریوں کا فیصلہ ہوجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کی مدت ملازمت سے متعلق اپوزیشن سے ابھی تک بات چیت نہیں ہوئی، سپریم کورٹ کا تفصیلی فیصلہ آنے کے بعد قانونی ٹیم کے ساتھ مل کر حکومت فیصلہ کرے گی۔

'گلے شکوے کا مطلب یہ نہیں کہ حکومت کا تختہ الٹ دیاجائے'

پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان سے کوئی رکن قومی اسمبلی نالاں نہیں بلکہ گلےشکوے ہوتے رہتے ہیں لیکن گلے شکوے کا مطلب یہ نہیں کہ حکومت کا تختہ الٹا دیاجائے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت پانچ سال کی مدت پوری کرے گی، تمام ارکان قومی اسمبلی حکومت کے ساتھ ایک پیج پر ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے معاملے پر حکومت اور متحدہ اپوزیشن میں ڈیڈلاک برقرار ہے جس کے بعد اپوزیشن معاملہ سپریم کورٹ لے گئی ہے جبکہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کے ارکان کی تقرری کے لیے 5 دسمبر کو مزید 10 روز کا وقت دیا تھا۔

دوسری جانب سردار رضا محمد خان مدت ملازمت 6 دسمبر کو پوری ہونے کے بعد ریٹائر ہوگئے ہیں اور اب پنجاب کے سینئر ممبر جسٹس (ر) الطاف ابراہیم قریشی قائم مقام چیف الیکشن کمشنر ہیں۔

مزید خبریں :