13 ہویں ساؤتھ ایشین گیمز بھارت کی برتری پر ختم، پاکستان کا چوتھا نمبر

13 ہویں ساؤتھ ایشین گیمز نیپال میں اختتام پذیر ہوگئے، ایونٹ میں پاکستانی ایتھلیٹس نے مجموعی طور پر 32 گولڈ ، 41 سلور اور 59 برانز میڈلز حاصل کیے، میڈلز کی مجموعی تعداد 132 بنتی ہے۔

مقابلوں کے آخری روز پاکستان نے اسکواش میں بھارت کو ہراکر گولڈ میڈل حاصل کیا۔ پاکستانی کھلاڑیوں نے جوڈو اور باکسنگ میں بھی آخری روز میڈلز حاصل کیے۔

ایونٹ کے آخری روز اسکواش کے ٹیم ایونٹ میں پاکستان نے مردوں کے مقابلوں میں بھارت کو 1-2 سے شکست دے کر گولڈ میدل حاصل کیا۔

پاکستان کے طیب اسلم نے پہلے میچ میں ہرندر سنگھ کو شکست دی ، دوسرے میچ میں عاصم کو پردھان کے ہاتھوں شکست ہوئی، تیسرے اور فیصلہ کن میچ میں فرحان محبوب نے ابھے سنگھ کو مات دے کر پاکستان کو گولڈ میڈل دلوادیا۔

اس سے قبل خواتین اسکواش ٹیم ایونٹ کے فائنل میں پاکستان ٹیم کو بھارت سے شکست ہوئی، پاکستان کی مدینہ ظفر نے تو اپنا میچ جیت لیا لیکن فائزہ ظفر اور مقدس اشرف کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ یوں پاکستان نے یہاں سلور میڈل حاصل کیا۔

باکسنگ کے مقابلوں میں سید آصف علی نے 52 کلوگرام جبکہ گلزیب نے 69 کلوگرام ویٹ کیٹیگری میں سلور میڈل جیتا۔

پاکستان نے جوڈو کے مکسڈ ٹیم ایونٹ میں بھی چاندی کا تمغہ اپنے نام کیا۔

فوٹو: ایس اے جی نیپال

13 ہویں ساؤتھ ایشین گیمز بھارت کی برتری کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئے، نیپال دوسرے، سری لنکا تیسرے اور پاکستان چوتھے نمبر پر رہا۔

پاکستان نے ایونٹ میں 32 گولڈ میڈل حاصل کیے جو پچھلے دو ایڈیشنز کے مشترکہ گولڈ میڈلز سے زیادہ ہیں۔

پاکستان نے 2016 میں 12 اور 2010 میں 19 گولڈ میڈلز جیتے تھے۔

13 ہویں ساؤتھ ایشین گیمز میں پاکستان نے کراٹے میں 6 گولڈ میڈلز جیتے۔ ایتھلیٹکس اور ویٹ لفٹنگ میں پانچ ، پانچ جبکہ تائی کوانڈو، ریسلنگ اور وشو میں تین ، تین گولڈ میڈلز جیتے۔

شوٹنگ ، اسکوش اور جوڈو میں پاکستان نے دو، دو جبکہ ہینڈ بال میں ایک گولڈ میڈل جیتا۔

مزید خبریں :