10 جولائی ، 2018
اسلام آباد: وزارت داخلہ نے سابق وزیراعظم میاں نوازشریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈال دیا۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں نوازشریف کو 11، مریم نواز کو 8 اور ان کے شوہر محمد صفدر کو ایک سال قید بامشقت کی سزا سنائی ہے جس کےبعد نیب نے گزشتہ روز کیپٹن (ر) صفدر کو گرفتار کرکے اڈیالہ جیل منتقل کردیا۔
میاں نوازشریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز نے 13 جولائی کو وطن واپسی کا اعلان کیا ہے جب کہ نیب نے انہیں لاہور سے ہی اڈیالہ جیل منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کےمطابق وزارت داخلہ نے ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا پانے کے بعد نوازشریف اور مریم نواز کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈال دیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ اس سے قبل نیب نے فروری، جون اور جولائی میں نوازشریف اور مریم نواز کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کےلیے وزارت داخلہ کو خطوط لکھے تھے جس پر وزارت داخلہ نے اپنے طے شدہ طریقہ کار اور قانون پر عملدرآمد کرتے ہوئے ان کا نام ای سی ایل میں نہیں ڈالا تھا۔
ذرائع نے بتایا کہ جن افراد کے خلاف کوئی عدالت فیصلہ دے اور وہ بیرون ملک ہوں تو طے شدہ قانون کے تحت ان کا نام ای سی ایل میں آجاتا ہے اور اس قانون کے تحت مذکورہ شخص جیسے ہی وطن واپس آتا ہے اسے ائیرپورٹ پر ہی گرفتار کرلیا جاتا ہے۔