Time 12 دسمبر ، 2019
پاکستان

ہندو بالادستی کے ایجنڈے میں پاکستان کو دھمکیوں کے سنگین نتائج ہوں گے: وزیر اعظم

 وزیر اعظم پاکستان عمران خان—فیس بک فوٹو 

اسلام آباد: وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے بھارت کی جانب سے انتہا پسندانہ اقدامات پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ  مودی حکومت میں بھارت ہندو بالادستی کے ایجنڈےکی طرف جا رہا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں کہا کہ  ہندو بالادستی کا ایجنڈا کشمیر کے غیرقانونی قبضے اور محاصرے سے شروع کیا گیا، اس بالادستی کے ایجنڈےکا نیا قدم شہریت کا متنازع بل ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ مودی کے ہندو بالادستی کے ایجنڈے میں پاکستان کو دھمکیاں بھی دی جارہی ہیں لیکن اس  کے نتیجے میں خونریزی اور دنیا کو سنگین نتائج کا سامنا ہو گا۔

انہوں نے عالمی برادری کو خبردار کرتے ہوئے کہا  کہ بھارت میں مسلمانوں اور دیگر اقلیتیوں کو ہجوم کے ذریعے قتل کیا جاتا ہے،  اس سے پہلے  مزید تاخیر ہو عالمی برادری ہندو بالا دستی کے ایجنڈے کو روکنے کے لیے حرکت میں آئے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے بھارتی پارلیمنٹ کے ایوانِ زیریں میں وزیرِ داخلہ امیت شاہ کی جانب سے ایک بل پیش کیا گیا تھا جس کے تحت پاکستان، بنگلا دیش اور افغانستان سے بھارت جانے والے غیر مسلموں کو شہریت دی جائے گی لیکن مسلمانوں کو نہیں۔

تارکینِ وطن کی شہریت سے متعلق اس متنازع ترمیمی بل کو ایوان میں 12 گھنٹے تک بحث کے بعد کثرتِ رائے سے منظور کر لیا گیا تھا۔

ایوان زیریں کے بعد ایوان بالا میں بھی اس متنازع بل کو کثرت رائے سے منظور کیا جا چکا ہے۔

متنازع شہریت بل کے خلاف بھارت کی مختلف ریاستوں میں بڑے پیمانے پر احتجاج کیے جا رہے ہیں۔

مزید خبریں :