پاکستان
Time 12 دسمبر ، 2019

چیف الیکشن کمشنر کی تقرری: ‘لو دو نہیں کر رہے، جو بہترین ہوگا اس کا انتخاب ہوگا‘

اسلام آباد: وزیر دفاع پرویز خٹک نے چیف الیکشن کمشنر اور ارکان کی تقرری کے معاملے پر کہا ہے کہ اپوزیشن سے لو دو نہیں کر رہے بلکہ جو بہترین ہوگا، اس کا انتخاب کریں گے۔

چیف الیکشن کمشنر کے نام پر حکومت اور اپوزیشن میں ڈیڈ لاک برقرار ہے جس کے باعث گزشتہ روز بھی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس نہیں ہوسکا تھا اور آج بھی یہ اجلاس جمعے تک کے لیے ملتوی کیا گیا ہے۔ 

اس معاملے پر وزیر دفاع پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ رابطے جاری ہیں اور امید ہے کہ اچھا نتیجہ نکلے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ لو دو نہیں کر رہے جو بہترین ہوگا اس کا انتخاب کریں گے۔ 

خیال رہے کہ مسلم لیگ (ن) نے گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر کے لیے دیے گئے بابر یعقوب کے نام پر تحفظات کا اظہار کیا تھا۔

چیف الیکشن کمشنر سردار رضا محمد خان مدت ملازمت 6 دسمبر کو پوری ہونے کے بعد ریٹائر ہوگئے ہیں اور اب پنجاب کے سینیئر ممبر جسٹس (ر) الطاف ابراہیم قریشی قائم مقام چیف الیکشن کمشنر ہیں۔

آئینی طور پر چیف الیکشن کمشنر کی تقرری 45 روز میں ہونا ضروری ہے تاہم حکومت اور متحدہ اپوزیشن میں چیف الیکشن کمشنر اور دیگر دو ارکان کے معاملے پر ڈیڈلاک ہے۔

متحدہ اپوزیشن نے چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے جبکہ 5 دسمبر کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے 2 ارکان کی تقرری کے لیے 10 روز کی مہلت دی تھی۔

مزید خبریں :