پاکستان

تحریک انصاف کے ارکانِ قومی و صوبائی اسمبلی کا ناراض گروپ سامنے آگیا

سندھ سے تعلق رکھنے والے تحریک انصاف کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کا ناراض گروپ بن گیا۔

ذرائع کے مطابق سندھ سے تحریک انصاف کے 7 رکن قومی اسمبلی  اور 12 ارکان سندھ اسمبلی پر مشتل ناراض گروپ سامنے آیا ہے اور انہوں نے مشترکہ لائحہ عمل بھی تشکیل دے دیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ ناراض ارکان پہلے اسمبلیوں کے اجلاس سے بائیکاٹ کریں گے، پھر استعفوں کا آپشن بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔

ذرائع کے مطابق ناراض ارکان قومی اسمبلی میں فہیم خان، آفتاب جہانگیر، عطاء اللہ، اسلم خان، شکور شاد، جمیل خان اور اکرم چیمہ شامل ہیں۔

ناراض گروپ کے ذرائع نے جیو نیوز کو بتایا ہے کہ ان کی وزیر اعظم تک رسائی ہی نہیں، وفاقی وزیر مراد سعید سمیت وزیراعظم کے قریبی رفقاء کے ذریعے کوششیں بھی کر چکے مگر وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات نہیں ہو سکی۔

ذرائع کے مطابق ناراض گروپ نے کابینہ میں شامل کراچی سے دونوں وزراء علی زیدی اور فیصل واوڈا کو اپنا نمائندہ ماننے سے بھی انکار کر دیا ہے۔

ناراض ارکان کو شکایت ہے کہ وفاقی وزیر علی زیدی نے ایم این اے جمیل احمد کو پارلیمانی سیکرٹری کے عہدے سے ہٹوایا اور ان کی جگہ آفتاب صدیقی کو پارلیمانی سیکرٹری میری ٹائم افیئرز لگا دیا گیا۔

ذرائع کا دعویٰ ہے کہ جمیل احمد خان، وفاقی وزیر علی زیدی کی بے ضابطگیوں کی تفصیلات وزیراعظم کو دینا چاہتے ہیں۔

ناراض گروپ کے ذرائع کے مطابق علی زیدی محمود مولوی کو پاکستان شپنگ کارپوریشن کا چیئرمین لگانا چاہتے ہیں اور ان کی وزیراعظم سے ملاقات بھی کرا دی مگر منتیں سماجتیں کرنے کے باجود سندھ سے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی ملاقات نہیں کر سکتے۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں جیو نیوز کے پروگرام ’کیپیٹل ٹالک‘ میں گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے کراچی سے منتخب رکن قومی اسمبلی عطاء اللہ خان کا کہنا تھا کہ مجھے نہیں پتا کہ ہمارے وزراء کابینہ میں کیا کرتے ہیں لیکن وہ کم ازکم کراچی کی نمائندگی نہیں کرتے۔

عطاءاللہ نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ سچ بولا ہے اور سچ کا ساتھ دیاہے لیکن بدقسمتی سے کراچی میں انصاف ہوتا نظر نہیں آرہا۔

مزید خبریں :