15 دسمبر ، 2019
سری لنکا کے خلاف راولپنڈی ٹیسٹ میں ریکارڈ بنانے والے کرکٹر عابد علی نے کہا ہے کہ صرف اچھے وقت کا انتظار تھا اور بالآخر اچھا وقت آگیا۔
پاکستان کے اوپنر عابد علی نے راولپنڈی میں سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کیا ہے اور اس میچ میں پاکستانی بلے باز نے شاندار سنچری بنائی جس کے ساتھ وہ ون ڈے اور ٹیسٹ ڈیبیو پر سنچری بنانے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔
ریکارڈ ساز اننگز کے حوالے سے کرکٹر عابد علی کا کہنا تھا کہ ہوم کراؤڈ کے سامنے 10 سال بعد ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی پر سنچری کرنا اعزاز ہے، اس پر اللہ کا جتنا بھی شکر اداکروں کم ہے، میں کوشش کرتا رہا جس میں کامیاب ہوا اور تاریخ کا حصہ بننے پر خوش ہوں۔
انہوں نے کہا کہ سنچری والدین کی دعاؤں کا نتیجہ ہے اور سنچری اپنی بیٹی کے نام کرتاہوں، تاریخی سنچری بنانے کا علم تھا اور پوری کوشش کی کہ وکٹ پر ٹھہروں جس میں کامیاب رہا۔
عابد علی کا کہنا تھا کہ پانچ، پانچ اوورز میں چھوٹے چھوٹے پلان بناکر بیٹنگ کی، جب 90 رنز پر تھا تو تھوڑا نروس تھا لیکن بابراعظم نے حوصلہ دیا اور کہا کہ تمھارا وقت آئے گا۔
یاد رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹیسٹ ڈرا ہوگیا جبکہ 4 روز کھیل بارش کے باعث متاثر رہا۔ سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور 6 وکٹوں کے نقصان پر 308 رنز بناکر اننگز ڈکلیئر کردی جبکہ پاکستان نے 2 پر 252 رنز بنائے۔