پاکستان
Time 16 دسمبر ، 2019

وزیراعظم نے احتجاجاً مستعفی ہونے والے بشیر میمن کا استعفیٰ منظور کرلیا

سابق ڈی جی ایف آئی اے بشیر میمن نے 29 نومبر کو ملازمت سے استعفیٰ دیا تھا — فوٹو: فائل 

وزیر اعظم عمران خان نے احتجاجاً مستعفی ہونے والے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے سابق ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) بشیر میمن کا استعفیٰ منظور کرلیا۔

گزشتہ دنوں وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ کے احکامات کے باوجود ایف آئی اے کے ڈائریکٹر جنرل بشیر میمن کو عہدے سے ہٹاکر پاناما کیس میں نواز شریف کے خلاف تحقیقات کرنے والی ٹیم (جے آئی ٹی) کے سربراہ واجد ضیاء کو نیا ڈی جی ایف آئی اے تعینات کیا تھا۔

اس تمام تر صورتحال میں سابق ڈی جی ایف آئی اے بشیر میمن نے 29 نومبر کو ملازمت سے استعفیٰ دے دیا تھا اور انہوں نے اپنے استعفے میں لکھا تھا کہ ‘ریٹائرمنٹ کے قریب پوسٹنگ نہ دینے کا مطلب ناراضی کا اظہار ہے اور اخلاقیات کا تقاضا ہے کہ نوکری سے مستعفی ہوجاؤں‘۔

اب وزیراعظم عمران خان نے بشیر میمن کا استعفیٰ منظور کرلیا ہے جس کے بعد اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے 2 دسمبر سے ان کی سرکاری ملازمت ختم ہونے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

ذرائع  کا کہنا ہے کہ سابق ڈی جی ایف آئی اے کو وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی کی شکایت پر ہٹایا گیا۔

خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے اصغرخان کیس میں بشیر میمن کو تحقیقاتی افسر مقرر کر رکھا ہے اور تحقیقات مکمل ہونے تک بشیر میمن کو عہدے پر رکھنےکا حکم دیا تھا۔

اس سے قبل رواں سال ستمبر میں وفاقی وزارت داخلہ نے بشیر میمن کو جبری رخصت پر بھیج دیا تھا اور ان کی جگہ ڈاکٹر مجیب الرحمان خان کو قائم مقام ڈی جی ایف آئی اے کا چارج دیا گیا تھا۔