پاکستان
Time 16 دسمبر ، 2019

'الیکشن کمیشن اکبر ایس بابر کی رکنیت سے متعلق پی ٹی آئی درخواست کا فیصلہ کرے'

اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) کی فارن فنڈنگ اسکروٹنی کمیٹی کی تشکیل کے خلاف درخواست کا تحریری فیصلہ جاری کردیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں 2رکنی بنچ نے فیصلہ سنایا۔

فیصلہ 3 صفحات پر مشتمل ہے جس میں الیکشن کمیشن کو ہدایات کے ساتھ عدالت نے پی ٹی آئی کی اپیل نمٹادی ہے۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن اکبر ایس بابر کی رکنیت سے متعلق پی ٹی آئی کی درخواست کا فیصلہ کرے، پی ٹی آئی نے یہ درخواست الیکشن کمیشن میں گزشتہ سال دائر کی تھی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ  جسٹس محسن اختر کیانی کی فیصلے میں دی گئی آبزرویشن کیس میں حتمی نہیں، الیکشن کمیشن پی ٹی آئی کی درخواست کا آبزرویشنز کو مدنظر رکھے بغیر فیصلہ کرے۔

عدالت عالیہ نے الیکشن کمیشن کو حکم دیا ہے کہ وہ اکبر ایس بابر کی پی ٹی آئی کی ممبر شپ کے حوالے سے فیصلہ کرے، پی ٹی آئی کی جانب سے بتایا گیا کہ وہ کیس کو التواء میں نہیں رکھنا چاہتے۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے باغی رکن اکبر ایس بابر کی درخواست پر پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کی تحقیقات کے لیے اسکروٹنی  کمیٹی قائم کی تھی جسے پی ٹی آئی نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا جب کہ درخواست گزار کی  مسلمہ حیثیت کو بھی چیلنج کیا گیا تھا کہ  کہ اسے پارٹی سے نکال دیا گیا تھا، لہٰذا وہ پی ٹی آئی کے رکن نہیں۔

تاہم اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل سنگل بنچ نے پی ٹی آئی کی درخواست مسترد کی تھی جس کے خلاف پی ٹی آئی نے انٹراکورٹ اپیل دائر کر رکھی تھی۔

10اکتوبر کے فیصلے کیخلاف درخواست پر الیکشن کمیشن سے جواب طلب

دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ نے فارن فنڈنگ کیس میں پی ٹی آئی کی الیکشن کمیشن کے 10اکتوبر کے فیصلے کے خلاف درخواست پر الیکشن کمیشن کو پری ایڈمشن نوٹس جاری کرتے ہوئے 19 فروری کو جواب طلب کر لیا ہے۔

 10 اکتوبر 2019کو الیکشن کمیشن نے غیر ملکی فنڈز کی تحقیقات کے لیے بنائی گئی تحقیقاتی کمیٹی کے خلاف پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے دائر کی گئی 4 درخواستوں کو مسترد کر دیا تھا۔

فارن فنڈنگ کیس

پاکستان تحریک انصاف کے منحرف رہنما اکبر ایس بابر نے سیاسی فنڈنگ سے متعلق قوانین کی مبینہ خلاف ورزی پر الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی کے خلاف 2014 سے درخواست دائر کررکھی ہے۔

اکبر ایس بابر کا کہنا ہے کہ عمران خان کی ٹیم کبھی ڈلیور نہیں کر سکتی، یہ ٹیم پاکستان تحریک انصاف کی ہے ہی نہیں، عمران خان اپنے احتساب سے پانچ سال سے بھاگ رہے ہیں اور میں پانچ سال سے ان کا مقابلہ کررہا ہوں، آپ کبھی ہائی کورٹ بھاگتے ہیں ، کبھی میرے خلاف مہم چلاتے ہیں، ہم تمام ثبوت الیکشن کمیشن کے سامنے رکھ چکے ہیں۔

مزید خبریں :