پاکستان
Time 17 دسمبر ، 2019

الیکشن کمیشن ارکان کی تعیناتی، پارلیمنٹ کو مزید 10 دن کی مہلت

الیکشن کمیشن کے 2 ارکان کی تعیناتی پر 10 دن کی مزید مہلت—فوٹو فائل

اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کے 2 ارکان کی تعیناتی کا معاملہ حل کرنے کے لیے پارلیمنٹ کو  مزید 10 دن کی مہلت دے دی۔  

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ نے مسلم لیگ ن کے رہنماؤں محسن شاہ نواز رانجھا، مرتضیٰ جاوید عباسی اور جہانگیر جدون کی درخواستوں پر سماعت کی۔

چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ نے دورانِ سماعت سیکریٹری قومی اسمبلی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ شاید پارلیمنٹ انتہائی موزوں شخص ڈھونڈ رہی ہے اس لیے وقت لگ رہا ہے، عدالت کو اعتماد ہے کہ اس مسئلے کا حل نکال لیں گے۔

سیکریٹری قومی اسمبلی نے عدالت سے استدعا کی کہ الیکشن کمیشن میں سندھ اور بلوچستان کے ارکان کی تعیناتی کا معاملہ حل کرنے کے لیے مزید 10 دنوں کی مہلت دی جائے۔ 

 چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ نے ریمارکس دیے کہ اس مسئلے کے حل کے لیے قائدِ ایوان اور قائدِ حزبِ اختلاف کو کردار ادا کرنا چاہیے، یہ مسئلہ پارلیمنٹ میں ہی حل ہونا چاہیے تاکہ دنیا کو پتہ چل سکے کہ پارلیمنٹ بالادست ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن ایک اہم ادارہ ہے، الیکشن کمیشن میں ایسا شخص لگایا جاتا ہے جس پر 22 کروڑ عوام کا اعتبار ہو، کیا آپ کو ایک بھی ایسا آدمی نہیں مل رہا؟

چیف جسٹس نے مزید کہا کہ ہمیں پھر بھی پارلیمنٹ پر اعتبار ہے کہ معاملہ حل کر لے گی، شاید پارلیمنٹ انتہائی موزوں شخص ڈھونڈ رہی ہے اس لیے وقت لگ رہا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل 5 دسمبر کو بھی عدالت نے الیکشن کمیشن ارکان کی تعیناتی کا معاملہ 10 روز میں حل کرنے کی ہدایت کی تھی۔

مزید خبریں :