شاہین شاہ آفریدی کا ہمپشائر کاؤنٹی سے معاہدہ

پاکستان کرکٹ ٹیم کے نوجوان فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے ہمپشائر کاؤنٹی سے معاہدہ کرلیا۔

انیس سالہ شاہین شاہ آفریدی تینوں فارمیٹ کی کرکٹ میں پاکستان کے اہم رکن بن چکے ہیں۔ اپنی شاندار بولنگ کی وجہ سے شاہین شاہ آفریدی مختلف لیگز میں ٹیموں کی توجہ کا مرکز بن چکے ہیں اور اب انہیں کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے کا موقع بھی مل گیا ہے۔

روز باؤل ساؤتھمپٹن کی کاؤنٹی ہمپشائر کے اعلان کے مطابق شاہین شاہ آفریدی کو اگلے ٹی ٹوینٹی بلاسٹ کیلئے سائن کرلیا گیا ہے اور وہ پورے ٹورنامنٹ میں کاؤنٹی کو دستیاب ہوں گے جو کہ ان کا پہلا کاؤنٹی سیزن ہوگا ۔ 

شاہین شاہ آفریدی کہتے ہیں کہ انہوں نے ہمیشہ انگلینڈ میں کرکٹ انجوائے کی، پہلی مرتبہ کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے کا موقع ملنے پر وہ کافی پرجوش ہیں، وہ اس تجربے سے زیادہ سے زیادہ سیکھنے کی کوشش کریں گے اور ساتھ ساتھ اپنی کاؤنٹی کو سرخرو بنانے میں بھی کردار ادا کریں گے۔

شاہین شاہ آفریدی پاکستان کی جانب سے 19 ایک روزہ میچز میں 40 اور 10 ٹی ٹوینٹی میچز میں 14 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔

ہمپشائر کاؤنٹی کے کرکٹ ڈائریکٹر جائلز وائٹ کے مطابق شاہین شاہ آفریدی ایک ابھرتا ہوا ٹیلنٹ ہے جس کے پاس پیس اور ورائٹی دونوں ہے اور وہ ٹیم کیلئے کافی اہم ثابت ہوسکتے ہیں۔

پاکستان کے شاہد آفریدی، یاسر عرفات، سہیل تنویر، عبدالرزاق ، عاقب جاوید اور وسیم اکرم بھی ماضی میں ہمپشائر کی جانب سے کھیل چکے ہیں۔

مزید خبریں :