پاکستان
Time 20 دسمبر ، 2019

وزیراعظم سے پی ٹی آئی کے ناراض ارکانِ قومی اسمبلی کی ملاقات

وزیراعظم عمران خان سے پاکستان تحریک انصاف کے کراچی سے تعلق  رکھنے والے ارکان قومی اسمبلی نے ملاقات کی۔

اعلامیے کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کرنے والوں میں شکور شاد، آفتاب جہانگیر، اکرم چیمہ، عطاء اللہ، اسلم خان، فہیم خان اور جمیل احمد شامل تھے۔

ارکان قومی اسمبلی نے وزیراعظم کو اپنے حلقوں میں عوام کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا جبکہ ملاقات میں کراچی میں وفاقی حکومت کے جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت پر بھی گفتگو کی گئی۔ 

اس دوران وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے، کراچی کی ترقی ملک کی ترقی ہے، کراچی کی ترقی و خوشحالی وفاقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور کراچی جیسے بڑے شہر میں عوام کو درپیش مسائل کا مکمل ادراک ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے مسائل کے حل میں وفاقی حکومت کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے، بہت جلد کراچی کا دورہ کروں گا۔

ناراض ارکان قومی اسمبلی کی وزیراعظم سے ملاقات کی اندرونی کہانی

وزیراعظم عمران خان سے کراچی کے ناراض پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ہے۔ 

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ناراض ارکان سے مکالمہ کیا کہ آپ کیوں ناراض ہیں؟ جس پر ناراض ارکان نے جواب دیا کہ آپ سے ملاقات کے لیے کافی عرصے سے کوشش کرتے رہے لیکن ہمیں آپ سے ملنے نہیں دیا گیا۔

ذرائع نے بتایا کہ ناراض ارکان نے وزیراعظم کو کہا کہ آپ سے مل کر کراچی کے اصل مسائل پر توجہ دلانا چاہتے تھے تاہم ہماری ناراضی کا ہرگز مطلب یہ نہیں کہ تحریک انصاف سے ناراض ہیں، ہم نے کہیں نہ کہیں تو دل کا بوجھ ہلکا کرنا تھا، اس لیے میڈیا کا سہارا لیا۔

ذرائع کے مطابق ناراض ارکان کا کہنا تھا کہ ہم الیکٹیبل نہیں ہیں، جو بھی ہیں آپ کی مرہون منت ہیں، کابینہ میں موجود کراچی کے اراکین ہماری نمائندگی نہیں کرتے، آپ ہمارے مسائل کی طرف توجہ دیں، کراچی مسائلستان بنا ہوا ہے۔

اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ آپ کے تحفظات درست ہیں، 27 دسمبر کو کراچی آرہا ہوں، کراچی کے دیرینہ مسائل میرے نوٹس میں ہیں، جلد حل ہوجائیں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں سندھ سے تحریک انصاف کے 7 رکن قومی اسمبلی اور 12 ارکان سندھ اسمبلی پر مشتمل ناراض گروپ سامنے آیا تھا جن کا کہنا تھا کہ جمیل احمد خان، وفاقی وزیر علی زیدی کی بے ضابطگیوں کی تفصیلات وزیراعظم کو دینا چاہتے ہیں۔

مزید خبریں :