پاکستان
Time 21 دسمبر ، 2019

نئے چیف جسٹس پاکستان گلزار احمد کے کیرئیر پر ایک نظر

پاکستان کے 27 ویں چیف جسٹس گلزار احمد نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا اور وہ اب یکم فروری 2022 تک اس عہدے پر کام کرتے رہیں گے۔

جسٹس گلزار احمد2 فروری 1957 میں کراچی میں پیدا ہوئے اور انہوں نے ابتدائی تعلیم کراچی کے گلشن اسکول سے حاصل کی اور پھر نیشنل کالج سے بی اے کرنے کے بعد انہوں نے ایس ایم لاء کالج سے قانون کی ڈگری یعنی ایل ایل بی حاصل کی۔

انہوں نے اپنی پریکٹس کا آغاز18 جنوری 1986 کو کیا اور پھر 4 اپریل 1988 کو سندھ ہائیکورٹ میں بطور ایڈووکیٹ کام شروع کیا۔ جسٹس گلزار احمد نے 15 ستمبر 2001 کو بطور وکیل سپریم کورٹ میں کام شروع کیا ۔

وہ 2000-1999 میں سندھ ہائی کورٹ بار کے اعزازی سیکریٹری بھی منتخب ہوئے اور اس دوران وہ کئی ملٹی نیشنل اور مقامی کمپنیوں ، بینکوں اور مالیاتی اداروں کے ساتھ بطور قانونی مشیر بھی وابستہ رہے۔ 

جسٹس گلزار احمد 27 اگست 2002 کو سندھ ہائی کورٹ کے جج بنے لیکن وہ اس دوران انسیٹیوٹ آف بزنس اینڈ ٹیکنالوجی ، این ای ڈی یونی ورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی سمیت کئی اعلیٰ تعلیمی اداروں کے ممبر بورڈ آف گورنرز بھی رہے۔

جسٹس گلزار احمد نے 16 نومبر 2011 کو سپریم کورٹ کے جج کی حیثیت سے حلف اٹھایا اور اس دوران سابق وزیراعظم نواز شریف کو پاناما کیس میں نااہل قرار دینے، آئینی ترمیم، ملٹری کورٹس، پاناما گیٹس، کراچی سرکلر ریلوے کی بحالی اور تجاوزات کے خاتمے سمیت اہم کیسز کی سماعت کرنے والے بینچز کا حصہ رہے ہیں۔

مزید خبریں :