24 دسمبر ، 2019
قومی ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ کراچی میں ہونے والے قائد اعظم ٹرافی کے فائنل میں نہیں کھیلیں گے۔
دائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر نسیم شاہ نے آسٹریلیا میں ایک جبکہ سری لنکا کے خلاف ہوم سیریز میں 2 ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں۔ کراچی ٹیسٹ میں نسیم شاہ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ایک اننگز میں 5 وکٹیں لینے والے سب سے کم عمر بولر بھی بنے۔
ٹیم منیجمنٹ نے اب نسیم شاہ مکمل آرام دینے کا فیصلہ کیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ نسیم شاہ اب قائد اعظم ٹرافی کا فائنل بھی نہیں کھیلیں گے اور وہ کراچی ٹیسٹ کے بعد گھر چلے گئے ہیں۔
نسیم شاہ سینٹرل پنجاب کی ٹیم میں شامل ہیں جس نے 27 دسمبر سے کراچی میں قائد اعظم ٹرافی کے فائنل میں ناردرن کا سامنا کرنا ہے۔
ذرائع کے مطابق ٹیم منیجمنٹ کی یہ بھی خواہش ہے کہ اب نسیم شاہ پاکستان انڈر 19 ٹیم میں شامل نہ ہوں بلکہ کچھ دن آرام کے بعد وہ بنگلا دیش کے خلاف سیریز کے لیے تیار ہوں۔
قوی امکان یہی ہے کہ اب نسیم شاہ پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم میں شامل نہیں ہوں گے۔
خیال رہے کہ نسیم شاہ کا اگلے ماہ جنوبی افریقا میں ہونے والے آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے پاکستان ٹیم میں شامل ہیں۔