25 دسمبر ، 2019
وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ مریم نواز کو بیرون ملک جانے کی اجازت نہ دینا کابینہ کا متفقہ فیصلہ ہے، نواز شریف کے لیے بھی ایسا ہی ماحول بنایا گیا تھاکہ پلیٹیلیٹس اوپر نيچے ہورہے ہيں۔
راولپنڈی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ عمران خان کو غریب نے احتساب کے نام پر ووٹ دیا ہے عمران خان گھر نہیں جارہے بلکہ اپوزیشن کی سیاست ختم ہو رہی ہے،عمران خان کا نام احتساب خان ہے کیونکہ وہ لوٹی ہوئی دولت واپس لا رہے ہیں۔
شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو ڈرامہ کرکے باہر بھجوایا گیا ہے، نواز شریف کے لیے ایسا ماحول بنایا گیا تھاکہ پلیٹیلیٹس اوپر نيچے ہورہےہيں لیکن لندن پہنچتےہیں ساری پلیٹیں اسٹاک ایکس چینج کی طرح اوپر ہیں۔
بھارت میں جاری کشیدگی پر بات کرتے ہوئے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ ہندوستان کسی بھی وقت پاکستان کے بارڈر پر انتشار پھیلا سکتا ہے،فوج کے ساتھ ہمیں بھی ہروقت تیار رہنا چاہیئے۔
راولپنڈی میں بلاول بھٹو زرداری کے جلسے کے حوالے سے شیخ رشید نے کہا کہ جو پنڈی میں جلسہ کرنے آرہے ہیں ان کے پاس حرام کا مال ہے۔
انہوں نے بلاول بھٹو زرداری کے انداز میں انہیں مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ آپ ساری عمر بچے رہے ہيں، اسی لیے کہتاہوں بچ کرکھیلیں، آپ راول پنڈی میں جلسہ کریں، میں بھی لاڑکانہ میں جوابی جلسہ کروں گا۔
شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ دنیا کا کوئی قانون انسان کی لاش کو گھسیٹنے اور لٹکانے کی اجازت نہیں دیتا، ہم عدلیہ کے ساتھ کھڑے ہیں،عدلیہ انصاف کا محور ہیں، تلخ فیصلےانصاف پر مبنی ہیں۔