Time 26 دسمبر ، 2019
کھیل

بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کا پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کھیلنے سے انکار

کئی ماہ کی ٹال مٹول کے بعد بالآخر بنگلا دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کھیلنے سے انکار کردیا۔

چیئرمین بی سی بی ناظم الحسن نے باضابطہ طور پر اس بات کا اعلان کیا ہے کہ بنگلا دیش کی کرکٹ تیم پاکستان کے خلاف سیریز  ابھی نہیں کھیل سکتی۔

بنگلہ دیش میڈیا کی رپورٹس کے مطابق بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے صدر ناظم الحسن نے بورڈ اجلاس اور کھلاڑیوں سے ملاقات کی جس کے بعد اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیکیورٹی کی بہتر صورتحال کے باوجود کھلاڑی ٹیسٹ سیریز کے لیے پاکستان جانے پر رضامند نہیں۔

بنگلا دیشی کرکٹ بورڈ کے صدر نے مزید کہا کہ ان کی سیکیورٹی ٹیموں نے پاکستان کا دوہ کیا ہے اور صورتحال تسلی بخش بتائی ہے لیکن ہم ابھی حکومتی گرین سگنل کے منتظر ہے، بعض سینیئر کھلاڑیوں سے بھی جاننا چاہتے ہیں کہ وہ پاکستان کا دورہ کریں گے یا نہیں۔

انہوں نے کہا کہ کوچنگ اسٹاف بھی پاکستان میں لمبا عرصہ رہنا نہیں چاہتا،اس لیے فوری طور پر پاکستان جا کر ٹیسٹ سیریز نہیں کھیل سکتے۔

خیال رہے کہ بنگلا دیش کرکٹ ٹیم کا جنوری میں پاکستان کا دورہ شیڈول ہے جس میں 3 ٹی ٹوئنٹی اور 2 ٹیسٹ میچز شامل ہیں، ٹیسٹ میچز آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہیں۔

گذشتہ دنوں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چئیر مین احسان مانی نے دو ٹوک الفاظ میں کہا تھا کہ پاکستان اب ہوم سیریز نیوٹرل مقام پر نہیں کھیلے گا، بنگلادیش کو ثابت کرنا ہوگا کہ پاکستان محفوظ ملک نہیں ہے۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے احسان مانی نے کہا کہ پی سی بی بنگلا دیش کرکٹ بورڈ سے رابطے میں ہے اور امید ہے کہ وہ پاکستان نہ آنے کا کوئی جواز نہیں ڈھونڈیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر بنگلادیش کی ٹیم نہیں آئی تو معاملہ آئی سی سی ڈسپیوٹ میں بھی جاسکتا ہے لیکن فی الحال بات چیت جاری ہے اس لیے مزید تبصرہ نہیں کرسکتے۔

خیال رہے کہ حال ہی میں سری لنکا کی ٹیم نے پاکستان میں دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کامیابی سے مکمل کی ہے جس میں پاکستان نے 0-1 سے کامیابی حاصل کی۔

مزید خبریں :