Time 28 دسمبر ، 2019
پاکستان

ویڈیو — کراچی میں بریانی دینے کے بہانے گھر لوٹنے کی کوشش

کراچی میں ایک خاندان کی حاضر دماغی نے بریانی دینے کے بہانے سے چوروں کی گھر لوٹنے کی کوشش ناکام بنادی۔

ٹیپوسلطان تھانے کی حدود  ایڈمنسٹریشن سوسائٹی کے بلاک 3 کے ایک گھر میں بریانی دینے کے بہانے سے ایک شخص پہنچا اور گھنٹی بجائی تو اہل خانہ میں سے ایک مرد نے باہر آکر وجہ پوچھی تو اس شخص نے اشارے سے پڑوس کے گھر سے بریانی دینے کا کہا۔

 گھر کے مالک نے بریانی لی اور پلیٹیں خالی کرنے کے لیے گھر کے اندر جاتے وقت ہوشیاری سے مرکزی دروازہ لاک کردیا۔

بریانی گھر کے برتن میں ڈال کر وہ شخص خالی پلیٹیں دینے کے لیے جونہی دروازے پر واپس پہنچا تو باہر موجود شخص کے ساتھ مزید تین مشکوک افراد کو دیکھ کر اس کی چھٹی حس جاگ گئی۔

ان افراد کے ڈکیت ہونے کا شبہ ہوتے ہی اس نے دروازہ کھول کر فوراً بند کرکے لاک کردیا اور پھر خوب شور مچایا۔ ایسے میں چاروں ملزمان خوف سے موٹرسائیکل پر فرار ہوگئے۔ 

سی سی ٹی وی فوٹیج— اسکرین گریب

بعدازاں مذکورہ  واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔ 

 ٹیپو سلطان تھانے کے ایس ایچ او انسپکٹر شعیب الرحمان کے مطابق انہیں اس سوسائٹی کے ایک شخص نے فوٹیج بھیجی ہے مگر کافی انتظار کے باوجود قانونی کارروائی کے لیے کوئی تھانے نہیں آیا۔

انہوں نے بتایا کہ اس واقعے کی تفتیش کی گئی ہے، قابل دست اندازی پولیس معاملہ فوری طور پر سامنے نہ آنے کی وجہ سے کوئی مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔ 

 ایس ایچ او کے مطابق ڈکیتی اور رہزنی کی وارداتوں کے لیے نت نئے طریقے سامنے آرہے ہیں۔ گھروں کے دروزاے کھلوانے کے لیے ڈاکو نت نئے طریقے اختیار کرتے ہیں۔ 

عام طور پر خیرات کی کوئی چیز دینے کے بعد برتن خالی کرنے کے لیے جاتے ہوئے لوگ مروت میں گھر کا دروازہ کھلا چھوڑ دیتے ہیں۔

اسی مقصد کے لیے کراچی ایڈمنسٹریشن سوسائٹی میں ملزمان نے بریانی دی تاکہ خالی پلیٹیں آنے تک کھلے دروازہ سے گھر میں گھس جاتے مگر گھر والوں کی ہوشیاری سے واردات ناکام ہوئی۔

مزید خبریں :