پاکستان
Time 20 ستمبر ، 2019

کراچی میں ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث جعلی سیکیورٹی کمپنی پکڑی گئی


ملزمان گھروں اور بینکوں پر گارڈز تعینات کرکے وارداتیں کیا کرتے تھے،پولیس ،فوٹو: فائل

کراچی پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے جعلی سیکیورٹی کمپنی بنا کر عوام کو لوٹنے والے ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

جیو نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے جعلی سیکیورٹی کمپنی کے 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا تاہم پولیس کی کارروائی کے دوران گروہ کا سرغنہ فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

کارروائی کے دوران پولیس نے جعلی سیکیورٹی کمپنی کے دفتر سے درجنوں موٹرسائیکلیں اور غیر قانونی اسلحہ برآمد کر لیا، کارروائی کے دوران مختلف اقسام کے 16 ہتھیار برآمد کیے گئے۔


ایس ایس پی ایسٹ غلام اظفر مہیسر کے مطابق ملزمان نے گلستان جوہر میں دفتر بنا رکھا تھا لیکن ان کی کمپنی کہیں رجسٹرڈ نہیں تھی۔

پولیس کے مطابق ملزمان جعلی کمپنی کے ذریعے گھروں اور بینکوں پر گارڈز تعینات کراتے تھے جو مختلف وارداتوں میں ملوث ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کا گروہ 20 افراد پر مشتمل ہے جب کہ سرغنہ کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

مزید خبریں :