پاکستان
Time 02 جنوری ، 2020

پاکستان میں خواتین محفوظ نہیں: حریم شاہ

فوٹو: انسٹاگرام

ٹک ٹاک ایپ سے شہرت پانے والی اسٹار حریم شاہ نے پاکستان میں خواتین کو غیر محفوظ قرار دیدیا۔

ٹک ٹاک ویڈیوز سے پاکستانی سیاست میں تہلکہ مچانے والی اسٹار حریم شاہ ان دنوں میڈیا کی زینت بنی ہوئی ہیں۔ بات صرف سیاستدانوں تک ہی محدود نہ رہی بلکہ حریم شاہ کا تذکرہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں بھی ہونے لگا ہے۔

حریم شاہ کو اپنی بے باک ویڈیوز اور بیانات کی وجہ سے 2016 میں قتل ہونے والی ماڈل گرل قندیل بلوچ سے تشبیہ دی جا رہی ہے اور اس حوالے سے خود حریم شاہ نے بھی قندیل بلوچ کو ایک بہادر خاتون قرار دیا۔

چند روز قبل حریم شاہ نے شیخ رشید کی ایک متنازع ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی تھی اور پھر انہوں نے دو روز قبل اس بات کا دعویٰ بھی کیا تھا کہ شیخ رشید نے ان کی دوست کے ساتھ نکاح کر رکھا ہے۔

حریم شاہ کا کہنا تھا اگر میں جھوٹ کہہ رہی ہوں تو شیخ رشید سامنے آئیں اور قرآن پر ہاتھ رکھ کر حلفاً بیان دیں۔

ٹک ٹاک اسٹار کے اس بیان کے بعد گزشتہ روز ایک غیر ملکی نشریاتی ادارے کے اردو ورژن نے حریم شاہ کا شناختی کارڈ اور ان کے گاؤں کے لوگوں کے تاثرات بھی رپورٹ کیے تھے۔

حریم شاہ کے اہل علاقہ کے تاثرات سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر ان کے حمایتی اور مخالفین کے درمیان سرد جنگ چھڑی رہی۔

اب حریم شاہ نے برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں خواتین محفوظ نہیں ہیں۔

حریم شاہ کے اس بیان پر انہیں سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا جب کہ کچھ نے حریم شاہ کو درست قرار دیا۔

اپنی بات کو صحیح ثابت کرنے کے لیے ٹک ٹاک اسٹار نے کہا کہ اگر میں غلط کہہ رہی ہوں اور آپ کو لگتا ہے کہ پاکستان عورتوں کے لیے محفوظ ہے تو اپنی ماں بہن بیوی اور بیٹی کو رات کو اکیلے سفر کرنے دیا کریں۔


مزید خبریں :