دنیا
Time 03 جنوری ، 2020

امریکا سے جنرل قاسم کے قتل کا بدلہ لیا جائے گا: ایرانی سپریم لیڈر

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کا کہنا ہے کہ جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کا بدلہ لیا جائے گا۔

امریکا نے عراقی دارالحکومت بغداد کے ائیرپورٹ پر راکٹ حملہ کر کے ایران کی القدس فورس کے کمانڈر جنرل سلیمانی کو ہلاک کر دیا تھا۔

قاسم سلیمانی کی ہلاکت پر آیت اللہ خامنہ ای نے ایران میں تین روزہ سوگ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کا بدلہ لیا جائے گا۔

جنرل سلیمانی پر حملہ کر کے امریکا نے بے وقوفانہ اقدام اٹھایا: ایرانی وزیر خارجہ

قبل ازیں ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے امریکی حملے پر سوشل میڈیا پر ردعمل میں کہا کہ جنرل سلیمانی پر حملہ کر کے امریکا نے عالمی دہشتگردی کی۔

جواد ظریف نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر مزید کہا کہ جنرل سلیمانی پر حملہ کر کے امریکا نے انتہائی خطرناک اور بے وقوفانہ اقدام اٹھایا۔

انہوں نے کہا کہ جنرل سلیمانی کی فورس داعش، القاعدہ اور النصرہ کے خلاف لڑائی میں سب سے مؤثر طاقت تھی۔

ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ اپنی سرکش مہم جوئی کے نتائج کی ذمہ داری امریکا خود اٹھائے گا۔

خیال رہے کہ گزشتہ چند روز سے ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہو گیا ہے۔

چند روز قبل امریکا نے عراق میں فضائی حملہ کر کے مقامی ملیشیا کتائب حزب اللہ کے 15 جنگجوؤں کو ہلاک کر دیا تھا۔

اس حملے کے ردعمل میں سیکڑوں کی تعداد میں مظاہرین نے بغداد میں امریکی سفارت خانے پر دھاوا بول کر توڑ پھوڑ کی تھی اور سفارت خانے کے بیرونی حصے کو آگ لگا دی تھی۔

امریکا نے سفارت خانے پر حملے کا ذمہ دار ایران کو قرار دیا تھا اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ ایران کو امریکی سفارت خانے پر حملے کی بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔

مزید خبریں :