03 جنوری ، 2020
خون میں شکر کی مقدار میں اضافے کی وجہ سے ہی ذیابطیس جیسی خطرناک بیماری جنم لیتی ہے، لہذا ضروری ہے کہ اس حوالے سے آپ کو یہ معلوم ہو کہ خوراک کا خون میں موجود شکر کی مقدار سے کیا تعلق ہوتا ہے۔
خون میں موجود شکر کو گلوکوز بھی کہا جاتا ہے، یہ گلوکوز ہمیں خوراک سے حاصل ہوتا ہے جسے ہمارا جسم غذا کو ہضم کرنے کے نتیجے میں بناتا ہے۔
خون میں موجود شکر کا کام انسانی جسم کو تونائی پہنچانا ہوتا ہے اور کئی مرتبہ یہ شکر انسانی جسم کے خلیوں میں جمع ہو جاتی ہے، جب انسان کو توانائی کی ضرورت ہوتی ہے تو اس وقت جسم یہ توانائی استعمال کرتا ہے۔
انسان کے خون میں اگر شکر کی مقدار زیادہ ہو جاتی ہے تو یہ صحت کے لیے نقصان کا باعث بنتی ہے اور خون میں شکر کی مقدار میں اضافہ ٹائپ ٹو ذیابیطس کا باعث بنتی ہے۔
اگر ابتدائی طور پر اس بات کا خیال نہیں رکھا جائے تو آگے جا کر اس کی وجہ سے دل، گردے، آنکھ اور خون کی رگوں کی کارکردگی متاثر ہو سکتی ہے۔
اگر آپ کو یہ بات معلوم ہو جائے کہ ہم روزانہ جو بھی خوراک کھاتے ہیں یہ خون میں شکر کی مقدار پر کس طرح اثر انداز ہوتی ہے تو یہ بات جاننے کے بعد آپ ذیابیطس جیسی بیماری سے بچ سکتے ہیں۔
آج ہم آپ کو یہی بتانے والے ہیں کہ کس طرح آپ کی خوراک خون میں موجود شکر کی مقدار پر اثر انداز ہوتی ہے۔
ہم روزانہ جو کچھ کھاتے ہیں ہمارا جسم اسے توڑتا ہے اور یہ خوراک مختلف حصوں میں جذب ہو جاتی ہے جس میں کاربوہائیڈریٹس، پروٹین، فیٹ، وٹامن اور نمکیات شامل ہیں۔
کاربوہائیڈریٹس خون میں موجود شکر یعنی گلوکوز میں تبدیل ہو جاتا ہے، آپ جتنی زیادہ کاربوہائیڈریٹس والی غذا کھائیں گے آپ کے خون میں اتنی ہی مقدار میں شکر پیدا ہو گی۔
فائبر جیسی غذائی اجزاء گلوکوز میں تبدیل نہیں ہوتیں جب کہ پروٹین، فیٹ، وٹامنز اور نمکیات بھی صحت کے لیے انتہائی ضروری ہیں۔
ایسی خوراک جن میں زائد مقدار میں کاربوہائیڈریٹس پایا جاتا ہے اس کی وجہ سے خون میں شکر کی مقدار میں تیزی سے اضافہ ہوتا ہے۔
زیادہ کاربوہائیڈریٹس والی غذاؤں میں بسکٹس، سفید آٹا، میٹھے مشروبات وغیرہ شامل ہیں۔
اگر آپ بھی ان غذاؤں کا زیادہ استعمال کر تے ہیں تو آپ کو ان چیزوں کا استعمال کم کرنا ہوگا، آپ کو ہر چیز اعتدال میں رہ کر کھانی ہوگی، ایسا کرنے سے خون میں موجود شکر کی مقدار کو کنٹرول کیا جا سکتا ہے۔
ورزش خون میں موجود شکر کی مقدار پر بہت زیادہ اثر انداز ہوتی ہےکیونکہ خون میں موجود شکر توانائی حاصل کرنے کے لیے استعمال کی جاتی ہے اور اگر آپ ورزش کریں گے تو خون میں موجود شکر کی مقدار استعمال ہوگی اور ایسا کرنے سے شکر کی مقدار معتدل رہے گی۔