پاکستان
Time 04 جنوری ، 2020

نواز شریف کی ضمانت میں توسیع کا معاملہ، میڈیکل بورڈ نے نئی طبی رپورٹس طلب کرلیں

محکمہ صحت پنجاب کے میڈیکل بورڈ نے سابق وزیراعظم نوازشریف کی بیرون ملک قیام میں توسیع کی درخواست کے ساتھ منسلک میڈیکل رپورٹس پرانی قرار دے دیں۔

سابق وزیراعظم نواز شریف 19 نومبر 2019 سے علاج کی غرض سے لندن میں مقیم ہیں جہاں ان کے مسلسل ٹیسٹ اور طبی معائنہ کیا جارہا ہے۔

گزشتہ دنوں نوازشریف کے وکیل خواجہ حارث نے ان کی صحت کے حوالے سے رپورٹس لاہور ہائیکورٹ میں جمع کرائی تھیں اور ساتھ ہی انہوں نے پنجاب حکومت کو بھی خط لکھا اور رپورٹس ارسال کی تھیں۔

ذرائع کے مطابق میڈیکل بورڈ نے سفارشات محکمہ داخلہ پنجاب کو ارسال کردی ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ نوازشریف کی میڈیکل رپورٹس پرانی ہیں لہٰذا ان کی 2 جنوری تک کی میڈیکل رپورٹس دی جائیں۔

میڈیکل بورڈ کا کہنا ہے کہ نئی میڈیکل رپورٹس کی فراہمی پر طبی رپورٹ جاری کرسکتے ہیں۔

میڈیکل بورڈ کی سفارشات کے بعد نواز شریف کی نئی میڈیکل رپورٹس کے لیے محکمہ داخلہ پنجاب مراسلہ لکھے گا۔ 

یاد رہے کہ پنجاب حکومت نے نواز شریف کی بیرون ملک قیام میں توسیع کے معاملے پر صوبائی وزیر قانون، چیف سیکرٹری پنجاب، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ اور سیکرٹری قانون پر مشتمل کمیٹی بنائی تھی۔

24 دسمبر 2018 کو احتساب عدالت اسلام آباد نے نواز شریف کو العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں 7 سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی تھی۔ 29 اکتوبر 2019 کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے طبی بنیادوں پر سابق وزیراعظم کی 8 ہفتوں کے لیے سزا معطل کردی تھی۔

ہائیکورٹ کی جانب سے نوازشریف کی ضمانت منظوری اور سزا معطلی کا تحریری فیصلہ جاری کیا گیا تھا جس میں کہا گیا کہ نوازشریف کی ضمانت 8 ہفتوں کے لیے منظور اور سزا معطل کی جاتی ہے۔

فیصلے کے مطابق نوازشریف کی طبیعت خراب رہتی ہے تو وہ ضمانت میں توسیع کیلئے پنجاب حکومت سے رجوع کرسکتے ہیں، طبیعت خرابی پر نوازشریف 8 ہفتوں کی مدت ختم ہونے سے پہلے پنجاب حکومت سے رجوع کرسکتے ہیں۔

فیصلے میں حکم دیا گیا کہ پنجاب حکومت کے فیصلہ کیے جانے تک نوازشریف ضمانت پر رہیں گے، اگر نوازشریف پنجاب حکومت سے رجوع نہیں کرتے تو 8 ہفتے بعد ضمانت ختم ہوجائے گی۔

16 نومبر کو لاہور ہائیکورٹ نے نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دیا تھا اور انہیں علاج کی غرض سے 4 ہفتوں کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت دی تھی جس کے بعد وہ 19 نومبر کو لندن سے روانہ ہوگئے تھے۔ 

مزید خبریں :